• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ سندھ کا وزیر اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیر اعلیٰ سندھ کا وزیر اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ


انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کی تبدیلی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیراعظم کے درمیان آئی جی سندھ کے معاملے پر پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری طرف ترجمان سندھ حکومت نے آئی جی کی تبدیلی کا فیصلہ یک طرفہ ہونے کا پی ٹی آئی کا الزام رد کردیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی وزیراعظم سے ملاقات میں پولیس ایکٹ کے مطابق آئی جی کو ہٹانے کا عمل شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ میں یہ دوسرا رابطہ ہے۔

سندھ حکومت آئی جی سندھ کے لئے تین نام وفاق کو ارسال کرے گی ۔

آئی جی سندھ کورخصت کرنے کی کئی وجوہات تھیں،

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آئی جی سندھ کلیم امام کو رخصت کرنے کی کئی وجوہات تھیں، سندھ حکومت نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے آئی جی سندھ کے تبادلے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان سندھ  حکومت مرتضیٰ وہاب کا کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں آئی جی کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، ملاقات میں طے ہوا تھا کہ پولیس ایکٹ میں آئی جی کی تبدیلی پر کام شروع کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جاتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم عمران خان کو ملاقات میں بتایا کہ پولیس کا احتساب نہیں ہوسکتا تو میرے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد بھی وزیراعلیٰ سندھ نے کوشش کی کہ آئی جی کارکردگی دکھائیں، مگر آئی جی نے کاکردگی دکھائی نہ ہمارے خطوط کا مؤثر جواب دیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں خراب حالات پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بار بار سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزپی ٹی آئی نے سندھ کابینہ کے آئی جی سندھ کلیم امام کے تبادلے کے فیصلے پر عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے آئی جی کے معاملے پر حتمی مشاورت بھی ہوئی تھی، ہم سب آئین اور قانون کے تابع ہیں اسے ماننا لازم ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سندھ نے آئی جی سندھ کلیم امام کے تبادلے کے سندھ حکومت کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین