• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا: افغان خفیہ ایجنسی پاکستان میں حالات خراب کروانا چاہتی ہے، آئی جی پولیس

خیبرپختونخوا: افغان خفیہ ایجنسی پاکستان میں حالات خراب کروانا چاہتی ہے، آئی جی پولیس


انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا (کے پی) ثناء اللّٰہ عباسی نے کہا ہے کہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی (نیشنل ڈائریکٹرویٹ آف سیکیورٹی) این ڈی ایس پاکستان میں حالات خراب کروانا چاہتی ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی جی کے پی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ سرحد پار سے دہشت گرد پاکستان آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے دراندازی ہورہی ہے جبکہ این ڈی ایس پاکستان میں حالات خراب کروانے کے در پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کو ففتھ جنریشن وار کہیں یا جنگجوؤں کی دراندازی، سرحدی باڑ کے ذریعے دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔

آئی جی کے پی نے یہ بھی بتایا کہ آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب کے باعث خودکش حملے رکے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور شورش میں بھی نمایاں کمی آئی ہے جبکہ ملک میں قیام امن بھی ان آپریشنز کے باعث ممکن ہوا۔

آئی جی کے پی ثناءاللّٰہ عباسی نے بتایا کہ صوبے میں 18 گروہ دہشت گردی میں ملوث تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 273 دہشتگرد موجود تھے جن میں کچھ کو گرفتار کیا گیا جبکہ کچھ مارے گئے۔

آئی جی کے پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں جیسے القاعدہ، حرکت المجاہدین، لشکر اسلام اور دیگر ٹی ٹی پی گروپس سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ دہشت گرد پکڑے جو افغانستان سے ٹریننگ کرکے آئے اور کچھ وہاں ٹھہرے ہوئے ہیں۔

آئی جی کے پی ثنااللّٰہ عباسی کا کہنا تھا کہ پاک افغان بادڑ پر باڑ لگانے سے افغانستان سے آنے والے دہشتگردوں کو روکا جاسکے گا۔

فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کے تحت لیویز اور خاصہ داروں کا پولیس میں انضمام ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں تھانوں کی عمارتیں قائم کرنا اور قیام امن کا تسلسل اولین ترجیح ہے۔

ثناء اللّٰہ عباسی نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح وبہود، ترقی اور ان کا مورال بلند کرنا چاہتا ہوں۔

تازہ ترین