• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امینڈا کا کاشف عباسی کے شو سے فوری پابندی ہٹانے کا مطالبہ

امینڈا کا کاشف عباسی کے شو سے فوری پابندی ہٹانے کا مطالبہ


ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (امینڈا) نے پروگرام"آف دی ریکارڈ" اور کاشف عباسی پر 60 دن کی پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے پیمرا سے اس پابندی کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

جاری کردہ اعلامیہ میں تنظیم کا کہنا ہے کہ پابندی کا حکم رات ایک بجے جاری کیا گیا۔

اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکم نامے سے قبل نہ چینل اور نہ ہی اینکر کو موقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا، غیرمعمولی جلد بازی میں حکم سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیمرا کا اقدام بدنیتی پر مبنی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کو بوٹ والی بات پسند نہیں آئی، فیصل واوڈا

امینڈا کا کہنا ہے کہ پروگرام میں ایک وفاقی وزیر نے نامناسب کام کیا، پیمرا نے وزیر سے پوچھنے کی بجائے پروگرام اور اینکر پر پابندی لگادی، اینکر نے اگلے پروگرام میں ہی اپنی پوزیشن واضح کردی تھی، پیمرا کا پابندی کا فیصلہ منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حق سے متصادم ہے۔

 یہ  بھی پڑھیے :  فیصل واوڈا کی ٹاک شو میں شرکت پر پابندی عائد

تنظیم کے صدر اظہر عباس کا کہنا ہے کہ میڈیا کی آزادی دبانے کے لیے پیمرا یا حکومت کے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کی جائے گی، سیکریٹری جنرل عماد یوسف نے کہا کہ پیمرا کا اقدام میڈیا کی آزادی مزید کم کرنے کے بڑے منصوبے کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کاشف عباسی اور ان کے شو سے پابندی فوری طور پر ہٹائی جائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں فیصل واوڈا بطور مہمان شریک ہوئے جہاں وہ اپنے ساتھ ’بوٹ‘ لے آئے۔

اس ٹاک شو میں ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے جاوید عباسی بھی شریک تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ن لیگ نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے فیصل واوڈا کے اس عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

تازہ ترین