• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تائیوان میں زلزلہ، شدت 7 ریکارڈ، عمارتیں لرز گئیں

فوٹو: غیرملکی میڈیا
فوٹو: غیرملکی میڈیا 

تائیوان کے شمال مشرقی ساحل کے قریب 7 شدت کا زلزلہ آیا، تاہم سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جھٹکے دارالحکومت تائی پے سمیت دور دراز علاقوں میں محسوس کیے گئے اور عمارتیں لرز گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد بڑے نقصانات کی اطلاع نہیں ملی۔

تائیوانی محکمہ موسمیات کے مطابق  زلزلہ یلان کاؤنٹی کے ساحل سے تقریباً 30 کلومیٹر دور آیا، جو اپریل 2024 کے تباہ کن زلزلے کے بعد جزیرے میں سب سے بڑا زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

تائیوان کی موسمیاتی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کی گہرائی 73 کلومیٹر تھی اور اس کی شدت انٹینسٹی فور ریکارڈ کی گئی، جو معمولی ساختی نقصان کے امکان کی نشاندہی کرتی ہے۔ 

تائی پے میں عمارتیں جھولتی رہیں، فانوس ہلتے دکھائی دیے اور لوگوں نے فرش کے نیچے گونج محسوس کی، جبکہ چند لمحوں تک یہ خدشہ رہا کہ لرزش مزید بڑھ سکتی ہے۔

تائیوان کے فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی کہ شدید جھٹکوں کے باوجود ملک بھر میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انٹینسٹی فور کی درجہ بندی کے مطابق یہ وہ سطح ہے جس میں گھروں کے اندر موجود اشیاء ہلتی ہیں اور سوتے ہوئے افراد جاگ سکتے ہیں، تاہم مضبوط تعمیرات میں عموماً سنگین نقصان نہیں ہوتا۔

یلان میں زلزلے کے بعد 3 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی عارضی طور پر منقطع ہو گئی، جسے تائیوان پاور کمپنی کے عملے نے چند گھنٹوں میں بحال کر دیا۔ 

حکام کے مطابق یہ اثرات زیادہ تر مرکز کے قریب علاقوں تک محدود رہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید