• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیورپول میں دادا کیلئے اخبارلانے والی 15 سالہ لڑکی لاپتہ

لندن ( جنگ نیوز) لیور پول کے علاقے انفیلڈ کی رہائشی 15 سالہ لڑکی فرینچسکا ہمفریس اچانک لاپتہ ہوگئی ۔ وہ اپنے دادا کیلئے اخبار خریدنے گئی تھی ۔ لڑکی کے لاپتہ ہونے پر اس کی والدہ شدید کرب میں مبتلا ہیں۔ 15 سالہ لڑکی 6 پونڈ لیکر اپنے دادا کیلئے اخبار خریدنے قریبی دکان پر گئی تھی لیکن کافی وقت گزرنے کے باوجود واپس نہیں لوٹی۔ اس کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی بہت معصوم ہے، اسے اگر کوئی چیز کھلائی جائے تو وہ آسانی سے کھالیتی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکی کے گھر واپس نہ لوٹنے پر اہل خانہ نے پولیس کو اس کی گم شدگی سے متعلق شکایت درج کروائی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرینچسکا انفیلڈ کے ایورٹن فری اسکول میں زیر تعلیم تھی۔ اس کی ماں کے مطابق گزشتہ ہفتے میری بیٹی اپنے ایک دوست سے متعلق مجھ سے جھگڑا کر رہی تھی ۔ جھگڑے کے بعد میں نے بیٹی کا موبائل فون ضبط کر کے اسے گھر میں ہی بٹھا دیا تھا لیکن ایک شام اچانک اس نے دوست کے گھر جانے کی کوشش کی تھی تاہم والدہ نے اسے تلاش کرلیا تھا۔ والدہ کا کہنا ہے کہ میں اس کے لاپتہ ہونے سے پریشان ہوں، نہ نیند آرہی ہے اور نہ کچھ کھانے کو دل چاہ رہا ہے، میرے لیے یہ بہت تکلیف دہ لمحات ہیں پتہ نہیں میری بیٹی کس حال میں ہو گی۔ برطانوی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکی کے لاپتہ ہونے سے متعلق شکایت درج کرائی گئی ہے تاہم ہم لڑکی کو تلاش نہیں کر پائے ہیں۔
تازہ ترین