پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور اُن کی مالیت کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ہو گا۔
ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت 18 جنوری کی صبح شروع ہوگی، نجی کوریئر کے سینٹرز پر ٹکٹس 21 جنوری سے دستیاب ہوں گے۔
جنرل انکلوژر سمیت دس انکلوژرز کے ٹکٹس کی قیمت 500 روپے رکھی گئی ہے، سری لنکا کے خلاف سیریز میں 1500 روپے والا ٹکٹ ایک ہزار، تین ہزار روپے والا 2 ہزار جبکہ 5 ہزار روپے والا ٹکٹ اب 4 ہزار روپے میں دستیاب ہو گا۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 50 اور 100 روپے رکھی گئی ہے۔
ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں شائقین نے گہری دلچسپی لی۔ اسی کے پیش نظر ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔
سیریزمیں شامل پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا، جبکہ واحد ایک روزہ اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی مکمل تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔