• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشن ورلڈکپ:پاکستانی انڈر19کرکٹ ٹیم کی بھرپور پریکٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کرکٹ ٹور نامنٹ میں شریک پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا کے شہر پوچیف اسٹروممیں تین گھنٹے تک جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں بھرپور پریکٹس کی۔مشن ورلڈکپ میں قومی ٹیم اتوار کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ سے اپنی صلاحیتوں کو آزمائے گی۔ میگا ایونٹ میں اپنے سفر کے آغاز سے قبل پریٹوریا میں نائیجیریا اور سری لنکا کے خلاف دونوں وارم اپ میچز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ سے قبل قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر تبصرہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہاکہ پہلے وارم اپ میچ میں نائیجیریا جیسی قدرے کمزور ٹیم سے مقابلہ ہوا، سری لنکا انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف وارم اپ میچ اصل پریکٹس میچ تھا۔ ورلڈکپ میں پہلا ہدف گروپ مرحلے میں ٹاپ کرنا ہے تاکہ ٹیم کوارٹر فائنل بھی پوچیف اسٹروم میں کھیلے کیونکہ گروپ مرحلے کے اختتام پر دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو اپنا کوارٹرفائنل میچ جوہانسبرگ میں کھیلنا ہوگا۔امید ہےکہ نوجوان کھلاڑی جلد کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقہ پہنچنے کے اگلے روز ہی قومی انڈر 19 ٹیم نےاپنا پہلا وارم اپ میچ کھیلا، جس کے باعث نوجوان کرکٹرز کی بولنگ میں ردھم کی کمی نظر آئی مگر سری لنکا کے خلاف عباس آفریدی ، محمد عامر خان، عامر علی اورطاہر حسین نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا،قاسم اکرم اور فہد منیر نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اعجاز احمد کا کہنا ہےکہاسکواڈ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔ اب وقت آگیا ہےکہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیےایک قدم آگے آئیں۔
تازہ ترین