• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

قوم کو حقائق بتائے جائیں کہ گندم کا اسٹاک کہاں گیا، شہباز شریف

قوم کو حقائق بتائے جائیں کہ گندم کا اسٹاک کہاں گیا، شہباز شریف 


لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافے اوربحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو اصل حقائق بتائے جائیں کہ گندم کا اسٹاک کہاں گیا، عوام کو سرعام لوٹا جارہا ہے اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کی آنکھیں بند ہیں، تاریخی گندم بحران اورآٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں،بتایا جائے کہ گندم کا سٹاک کہاں گیا، کیا اسمگل ہوگیا، کہاں غائب ہوگیا،اس کا ذمہ دار کون ہے ،گندم اور آٹے کے بحران سے کون فائدہ اٹھارہا ہے ؟اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دور میں الحمداللہ فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی اورگندم کا بھرپور سٹاک موجود تھا،ہمارے دور میں پاکستان گندم برآمد کررہا تھا لیکن آج ملک میں گندم اور آٹے کا بحران جاری ہے، وزیراعظم، وزیر خوراک تمام ذمہ داران غائب ہیں عوام کو ملک بھر میں سرعام لوٹا جارہا ہے اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کی آنکھیں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہر پل گندم، آٹے اور روٹی کے ستائے عوام کی دہائی دے رہا ہے، وزیراعظم نے شاید اب تک ٹی وی آن نہیں کیا؟عمران نیازی صاحب لاو لشکر کے بغیر عام آدمی کے طورپر بازار جائیں تاکہ آٹے دال کا بھائو معلوم ہو،وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتی غفلت، لاپرواہی اور بدانتظامی کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی فراہمی میں کوئی گڑبڑتھی تو اس کا اب تک نوٹس کیوں نہیں لیاگیا،اگر مسئلہ گندم کی فراہمی کا ہے تو فوری گندم فراہم کرکے اس مسئلے کو حل کیوں نہیں کیاگیا؟انہوں نے مزید کہا کہ بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔

تازہ ترین