فیصل آباد میں خاتون اور اس کے 3 سال کے بیٹے کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا جبکہ 7 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقے جالندھر روڈ پر پیش آیا، جہاں فیکٹری میں کام کرنے والے احسان نے پولیس کو بتایا کہ گھریلو جھگڑے کی بناء پر اس کی اہلیہ فرزانہ نے تیز دھار آلہ کی مدد سے 5 سال کے یٰسین کو قتل اور 7 سال کی بیٹی روحی کو شدید زخمی کردیا۔
احسان کے مطابق واقعہ کے بعد فرزانہ نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے 7 سالہ روحی کو شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔
شوہر احسان کا کہنا ہے کہ اس کو فیکٹری سے گھر آنے پر واقعے کا علم ہوا ہے۔
دوسری جانب پولیس فرزانہ کے شوہر احسان پر بیٹے اور بیوی کے قتل کا شبہ ظاہر کر رہی ہے جس کے پیشِ نظر اسے حراست میں لے کر قتل کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔