• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کیلئے گندم نایاب

کراچی میں 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 250 روپے کا اضافہ


مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے روٹی کے نوالے کا حصول بھی مشکل ہوگیا، ملک بھر میں آٹا نایاب، روٹی مہنگی، ذخیرہ اندوز بے لگام ہوگئے، لوگ سستا آٹا خریدنے مارے مارے پھرنے لگے، کراچی کے دکانداروں نے سرکاری نرخ نامےکی دھجیاں اڑا دیں۔

کراچی میں 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 250 روپے کا اضافہ ہوگیا، لاہور، گوجرانوالا ، ملتان اور عذر میں شہریوں کو بھی آٹے کی تلاش کا مسئلہ درپیش ہوگیا ہے۔

سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کہتے ہیں کہ کراچی میں آٹے کی سپلائی کا تھوڑا سا بحران آیا، گُڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کی وجہ سے سپلائی بند ہو گئی تھی تاہم اب گندم کی سپلائی شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکھر اور ٹھٹھہ میں گندم کے ذخائر موجود ہیں، ذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ شکنی کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، منگل یا بدھ تک آٹے کی قیمتوں کامسئلہ حل ہو جائے گا۔

وزیرخوراک پنجاب سمیع اللّٰہ چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، صوبے میں گندم اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحران پیدا کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، صوبائی حکومت شعبدہ بازی نہیں کرتی، خاموشی سے کام کرتی ہے۔

لاہورکی وحدت روڈ پر رکشا یونین نے آٹے کی قیمت میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

آٹا بحران پر خیبرپختونخوا حکومت بھی متحرک نظر آرہی ہے ، وزیراعلیٰ محمود خان نےتمام ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے گندم اور دیگر اجناس کی ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں کے تعین اور عملدر آمد یقینی بنانے کے لیے کنزیومر کمیٹی کا اجلاس آج ہی بلایا جائے گا۔

دوسری جانب پشاور کے نان بائیوں نے روٹی کی قیمت نہ بڑھانے پر کل سے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

ملک بھر کی طرح ضلع غذر میں بھی آٹا مہنگا ہونے کے بعد تندور مالکان نے روٹی کی قیمت 10 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کردی ہے جس کی وجہ غریب عوام کا روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے۔

ملک میں گندم بحران پر بات کرتے ہوئے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں گندم کی کمی نہیں، سرکاری اداروں کے پاس ملکی ضرورت کی دو ماہ کی گندم موجود ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے سندھ نے 4 لاکھ ٹن گندم میں سے صرف ایک لاکھ ٹن گندم پاسکو سے اٹھائی، سندھ حکومت جتنا جلد گندم پاسکو سے اٹھالے تو آٹے کا بحران حل ہو جائے گا۔

جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے گندم کی درآمد کا فیصلہ کیا ہے جس سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔

تازہ ترین