واشنگٹن(جنگ نیوز)امریکی صدر کے مواخذے کیلئے الزامات کی فہرست سینیٹ میں پیش کردی گئی ہے ،ٹرمپ کے وکلا نے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے عمل میں پیش پیش ڈیموکریٹک رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اور ملک میں حکومتی نظام کو بچانے کے لیے صدر کو ہر صورت ان کے عہدے سے ہٹا دیا جانا چاہیے۔ ٹرمپ کے سینیٹ میں ٹرائل کیلئے 111صفحات پر مشتمل جو دستاویز پیش کی گئی ہے، فہرست میں اراکین کانگریس نے اپنے موقف کے حق میں دلیلیں دی ہیں اور ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ صدر اپنے اختیارات کے غلط استعمال اور صدر کے خلاف گانگریس کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔صدر ٹرمپ کی قانونی ماہرین کی ٹیم نے مواخذے کے لیے عائد الزامات کی سخت تردید جاری کی ہے۔ اس تردیدی بیان کو سینیٹ میں اس وقت پڑھا گیا جب گزشہ ہفتے کے اوائل میں ٹرائل کے لیے ضابطے طےکیے جا رہے تھے۔ صدر کی ٹیم کی جانب سے متوقع طور پر الگ سے ایک مفصل جواب پیر کوداخل کرایا جائے گا۔