• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ہماری تجویز پرعمل کرتی تو آٹا بحران نہیں ہوتا،فلورملز ایسوسی ایشن

کوئٹہ( آئی این پی )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (بلوچستان ریجن)نے حکومت کی گندم خریداری اور فلور ملز کو فراہمی سے متعلق مبہم روئیے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ چیمبرآف کامرس اور فلور ملزایسوسی ایشن کی گندم اور آٹے سے متعلق خدشات اور تحفظات کودور کرنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے جاتے تو آج صوبے میں آٹا اور گندم بحران اور اس کی قیمتوں میں اضافہ نہ دیکھنا پڑتا ۔پیر کو ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ میں فلور ملزایسوسی ایشن بلوچستان ریجن کے صدر سید صالح آغا کی زیر صدارت فلور ملز ایسوسی ایشن کااجلاس ہوا ۔ جس میں سینئر نائب صدر بدرالدین کاکڑ نے شرکت کی۔اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر ودیگر عہدیدار اور ارکان نے حکومت کی جانب سے پاسکو سے 50ہزار ٹن گندم کی خریداری اور اس کی صوبے کو ترسیل وفلور ملز کو فراہمی میں تاخیر پر تشویش کااظہار کیا اورکہاکہ فلور ملزایسوسی ایشن نے حکومت کو تجویز دی تھی کہ صوبائی حکومت سے سبسڈی کیلئے کسی قسم کی مدد لئے بغیر فلور ملز20کلو آٹا 900روپے میں عوام کو فراہم کریگی لیکن اس کیلئے صوبائی حکومت پاسکو سے گندم کی خریداری اور اسے فلور ملز کو فراہمی کو بروقت ممکن بنائے لیکن اس تجویز کے جواب میں اب تک صوبائی حکومت کوئی واضح لائحہ عمل اپناسکی اور نہ ہی اس کا کوئی جواب دے سکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاسکو سے بروقت گندم کی خریداری اور اسے فلور ملز کو فراہمی نہ ہونے کے باعث صوبے میں گندم اور آٹا بحران جنم لے چکاہے بلکہ ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہواہے اس کے علاوہ فلورملز انڈسٹری بند ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کو میڈیا پیغامات اور لیٹرز کے اجراء سے بڑھ کر عملی اقدامات کرنا ہونگے۔
تازہ ترین