• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: لیاقت آباد کا نوجوان لاپتہ، اہل خانہ کا تھانے پر احتجاج

کراچی: نوجوان لاپتہ، اہل خانہ کا تھانے پر احتجاج


کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے 25 سالہ نوجوان 2 روز سے لاپتہ ہے، اہلِ خانہ نے نوجوان کی گمشدگی پر سپر مارکیٹ تھانے کے باہر احتجاج کیا۔

لیاقت آباد کے علاقے سپر مارکیٹ کے تھانے کے باہر آج صبح سویرے 2 روز قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب نے احتجاج کیا۔

احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 25 سالہ شاہ رخ کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ 19 جنوری کو سلمان نامی لڑکے کا فون آیا تھا جس سے ملنے کے لیے جانے کے 1 گھنٹے بعد شاہ رخ کا نمبر بند ہو گیا تھا۔

شاہ رخ کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ شاہ رخ کا پوچھنے سلمان کے گھر گئے تو اس نے کہا کہ پتہ کر کے بتاتا ہوں لیکن کچھ نہیں بتایا، سلمان شاہ رخ سے متعلق ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔

شاہ رخ کی دادی کا کہنا ہے کہ سلمان نے تھانے میں پولیس کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ شاہ رخ اس کے پاس ہے، اس کے باوجود پولیس اس کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے۔

مظاہرین کے احتجاج کے 2 گھنٹے بعد پولیس آئی تب تک مرد اور خواتین تھانے کا دروازہ کھٹکاتے رہے لیکن تھانے کا دروازہ نہ کھلا۔

یہ بھی پڑھیئے: اورنگی کراچی کی 12 سالہ لڑکی تاحال لاپتہ

علاقہ پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ شاہ رخ کے اہلِ خانہ اس کی گمشدگی کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔

لیاقت آباد پولیس کا مؤقف ہے کہ شاہ رخ کا سلمان کی بہن سے محبت کا معاملہ تھا، تاہم پولیس نے اہلِ خانہ سے واقعے کی درخواست لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین