وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے سندھ میں آئی جی سندھ کی تعیناتی سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں باضابطہ طور پر آئی جی سندھ کے لیے غلام قادر تھیبو، کامران فضل اورمشتاق مہر کے نام بھیجے گئے ہیں، خط میں لکھا گیا ہے کہ آئی جی سندھ کی تعیناتی سے متعلق آپ سے 16جنوری کو فون پر بات ہوئی تھی، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی طرح تین ناموں کا پینل بھیج دیا ہے۔
مراد علی شاہ کے خط میں کے پی اور پنجاب کے وزراء اعلیٰ کے خطوط کی کاپیاں بھی منسلک کی گئی ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ سیکریٹری سروسز کی طرف سے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو نام بھیجے گئے ہیں، وفاق کو خط کل کی تاریخ میں ارسال کیا گیا ہے جبکہ وفاق نے سندھ حکومت نے نام مسترد نہیں کئے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے رابطے کے بعد نام بھیج دیئے ہیں امید ہے جلد فیصلہ کیا جائے گا، وفاق کی طرف سے سندھ کو تا حال آئی جی پولیس کے لیے کوئی نئے نام موصول نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے گزشتہ روز تین نام وفاق کو ارسال کیے ہیں، وفاق سے استدعا کی ہے کہ پنجاب اور دیگر صوبوں کی طرح سندھ کے بھیجے گئے ناموں میں سے آئی جی پولیس کا تقرر کیا جائے۔