• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت‘بی ایف اے کی سرپل میں کارروائی

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں گندے و سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں گندے پانی سے سبزیاں کاشت کی جارہی ہیں جس سے لاکھوں افراد کی صحت متاثر ہو رہی ہے ،آلودہ پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیاں گردوں کے امراض ہڈیوں کی کمزوری ہیپاٹائٹس ٹائیفائیڈ اور سرطان جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ایف اے اس حوالے سے مزید مشاہدات کر رہی ہے اور اتھارٹی کی جانب سے گندے پانی سے کھیتوں کی سیرابی روکنے اور عوام کو محفوظ و صحت افزا سبزیوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز مغل کی سربراہی میں سر پل سمنگلی روڈ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سبزیوں کی کاشت کے لئے استعمال ہونے والے گندے پانی کی متعدد لائنیں توڑ دیں جبکہ مذکورہ کھیتوں کے مالکان کو اس حوالے سے نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا کہنا ہے کہ چونکہ گندے پانی سے کاشت ہونے والی سبزیاں مختلف بیماریوں کا سبب بنتی ہیں لہٰذا اس کی کاشت کی بھرپور حوصلہ شکنی کی جائے گی بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی اور آئندہ گندے پانی سے افزائش شدہ سبزیاں تیار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین