پاکستان ریلوے کی جانب سے شادی بیاہ کی بکنگ کے لیے چلائی جانے والی میرج کوچ ریلوے حکام کے افسران کے لیے سیلون بنادی گئی۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ لوگ شادی بیاہ کے لیے میرج کوچ کی بکنگ نہیں کرواتے، اس لیے اِسے سیلون کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے سابق دور میں شادی بیاہ کی تقریبات کے لیے اسپیشل میرج کوچ تیار کروائی تھی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ لوگ جب چاہیں اور جس ٹرین کے ساتھ چاہیں، میرج کوچ انہیں کرائے پر فراہم کی جائے گی، میرج کوچ میں ڈرائینگ روم، بیڈ روم اور اٹیچ باتھ روم بھی تھا۔
ٹرین کے اندر دُلہا دلہن اور باراتیوں کے کھانے پینے کے لیے کچن بھی تیار کروایا گیا، لیکن عوام کی جانب سے میرج کوچ کو پذیرائی نہ ملی۔
لوگوں کا موقف ہے کہ میرج کوچ کا کرایہ مناسب ہوتا تو اسے کبھی سیلون میں تبدیل کرنے کی نوبت نہیں آتی۔