• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر تعمیر کرتے وقت عموماً یہی دیکھنے میں آتا ہے کہ بالائی منزل پرجانے کے لیے بس ایک عام طرز کا زینہ بنا دیا جاتا ہے۔ اب جبکہ ہر چیز میں نت نئے ٹرینڈز سامنے آرہے ہیں توکیوں نہ زینے کو بھی نئی دلکشی اور انداز دیے جائیں تاکہ جب کوئی اس پر قدم رکھے تو چڑھنے سے پہلے ٹھہر کر اس کو دیکھے اور آپ کے ذوق کی داد دے۔ 

زینے کے بے شمار انداز ہیں اور انہیں کئی اقسا م کے مٹیریل سے بنایا جاسکتا ہے۔ آپ کوئی بھی مٹیریل استعمال کریں، اس کے عیوب و محاسن کے ساتھ اس بات کا بھی یقین کرلیں کہ منتخب کیے گئے مٹیریل سے بنا زینہ آپ کے گھر کی شان بڑھانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گا۔ آپ کی رہنمائی کیلئے ہم چند تجاویز دے سکتے ہیں۔

فلوٹنگ اسٹیئرز

یہ زینہ ایسا ہوتا ہے جیسے آپ پانی پر تیر رہے ہوں، اسی لئے اسے فلوٹنگ اسٹیئرز (Floating Stairs) کا نا م دیا گیاہے۔ یہ زینہ ایک مونو اسٹرنگر ( ایک موٹی سی رسی یا ڈوری)، موٹے تختوں (قدم رکھنے کے لیے) اور جدید ریلنگ پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ تینوں عناصر مل کر فلوٹنگ اسٹیئرز کا ایک مضبوط اور دلکش نظام بناتے ہیں، جسے نصب کرنا قطعی مشکل کام نہیں ہے۔ 

مونو اسٹرنگرز لکڑی کے تختوں کو مضبوطی سے جکڑے رکھتی ہیں، جس کی وجہ سے تختے ہوا میں معلق رہتے ہیں۔ یہ ڈیزائن ان لوگوں کیلئے خاص ہے، جو جدید ڈیزائن کے متلاشی رہتے ہیں اور اوپن کونسیپٹ کو پسند کرتے ہیں۔ 

فلوٹنگ اسٹیئرز محفوظ، اسٹائلش، لچکدار اور استعمال میں بہترین ہوتی ہیں۔ لچکدار سے مراد یہ ہے کہ آپ اپنے گھر میں گنجائش کے مطابق اس کا سائز متعین کرسکتےہیں۔ آپ لکڑی کے تختوں، انہیں مربوط کرنے والی ڈوریوں او ر ریلنگ کا انداز اور رنگ اپنے گھر کی تھیم کے مطابق پسند کرسکتے ہیں۔

زگ زیگ اسٹیئرز

اب سیدھے سادے زینوں کا زمانہ نہیں رہا، اس کی جگہ اب پیچیدہ اور تیز کلر والے زگ زیگ زینوں(Zig Zag Stairs)کا ٹرینڈ عام ہے، جو بہت ساری منزلوں یا بلند و بالا عمارتوں میں شد و مد سے لگائے جارہے ہیں۔ پیچ و خم لیے نقش و نگار یا کاشی کاری والی لکڑی جب زینے کے کناروں کے ساتھ آ پ کے ساتھ چلتی ہے تو سنگ مر مر کے بنے قد مچوں پر چلتے ہوئے آپ کو بھی لطف آتا ہے۔ 

اس قسم کے زینے میں ریلنگ نہیں ہوتی ، اس لئے اس پر آپ کو تھوڑا سنبھل کر چلنا ہوگا یعنی کناروں پر چلنے سے اجتناب کرنا ہوگا۔ اس زینے میں بھی آپ اپنی مرضی کے رنگوں کے ماربلز اور لکڑی کا استعمال کرسکتے ہیں ۔

ہیلیکل اسٹیئرز

ہیلیکل اسٹیئرز(Helical Stairs)ڈیزائن کو آپ اسپائرل یعنی گھومتا ہوا کہہ لیں تو بے جا نہ ہوگا۔ آپ کے گھر میں جگہ بھلے تنگ ہو یاکشادہ، لیکن اگرکوئی گھومتا ہوا زینہ موجود ہے تویہ آپ کے گھر کی دلکشی میں اضافہ کرے گا۔ یہ ایک عمدہ ڈیزائن ہے،جس کی خصوصیت ہے کہ یہ کسی بھی میٹریل میں کمال لگتاہے لیکن اگر آ پ اسے شیشے یافائبر میں بنواتے ہیں تو پھر دیکھنے والے اش اش کر اٹھیں گے۔ 

اس ضمن میں شیشے سے بنےاسٹیپس اور ریلنگ کا رنگ بھی بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس ڈیزائن میں چونکہ دیوار کی سپورٹ نہیں ہوتی، اس لئے اس میں کئی اقسام سامنے آسکتی ہیں۔

اوپن رائز ر اسٹیئرز

یہ منیملسٹ اسکینڈے نیویئن اسٹائلز میں سے ایک ہے، جو اپنی بے پناہ دلکشی کی وجہ سے مقبول ہورہاہے۔ کھلے اور کشادہ زینوں کے ساتھ لگی ہینڈریلز اسے اور بھی خوبصورت بناتی ہیں۔ اس میںلگے لکڑی کے تختوں پر چڑھتے ہوئے آپ کو اچھا محسوس ہوتا ہے اور آپ تھکن کا شکار بھی نہیں ہوتے۔ 

یہ ایک چھوٹے یا تنگ کمرے میں بھی لگ جاتی ہیں کیونکہ ان کی چوڑائی آپ کی مرضی پر منحصر ہوتی ہے یا پھر جگہ کی گنجائش کے مطابق اس زینے کو پتلا یا چوڑا کیا جاسکتاہے۔ جو لوگ انٹریئرڈیزائننگ پر بہت زیادہ دھیان دیتے ہیں، ان کیلئے اوپن رائزر اسٹیئرز (Open Riser Stairs)ایک عمدہ انتخاب ثابت ہوسکتاہے۔

کارپٹڈ اسٹیئرز

آپ کے گھر میں اگر پہلے ہی سے کنکریٹ یا ماربل سے بنی سیڑھیاں موجود ہیں تو ان پر عمدہ و نفیس قالین بچھائے جاسکتے ہیں۔ یہ آپ کے گھر اور زینے کو نیا لُک دیتے ہیں اور بورکرنے والی سیٹنگ کو دیدہ زیب بنا دیتے ہیں۔ کارپٹ رنرز اوپر سے نیچے پھیلائے ہوتے ہیں ، یہ خاص طور پر ان گھر وں کیلئے بہترین ہیں جہاں بچے رہتے ہیں اور ننگے پائوں ادھر ادھر بھاگتے پھرتے ہیں، اس سے ان کوسنگین نوعیت کی چوٹ لگنے کا خدشہ نہیں ہوتا، جو کہ لکڑی یا شیشے کے زینے پر پھسلنے سے ہوسکتا ہے۔ سردیوں میں قالین زینوں اور گھر کو گرم رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

کنٹراسٹنگ اسٹیئرز

یہ لکڑی اور کنکریٹ کا حسین امتزاج ہوتاہے لیکن اس ڈیزائن میں دونوں کے رنگ مختلف ہوتے ہیں ۔ روایتی اور ماڈرن گھروں میں ٹمبر کے قدمچوں والی سیڑھیاں عام ہیں ، لیکن اس میں دلکشی اسی وقت آتی ہے جب آپ اسے مخالف رنگ سے پینٹ کردیں۔ اگر کنکریٹ یا ماربل سےبنی سیڑھیاں سفید رنگ کی ہیں تو ا س پر لگے برائون یا سیاہ لکڑی کے قدمچے اور ریلنگ اسے مزید خوبصورت بنا دیں گے۔

تازہ ترین