کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان چوہدری شبیر نے کہا ہے کہ پرامن خوشحال بلوچستان ہمارا وژن ہے ۔ ماضی میں صوبے پر حکمرانی کرنے والے اپنے ادوار کا موجودہ دور سے موازنہ کریں ، ہم عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کے وژن اور گڈگورننس نے تمام مشکلات کے باوجود صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان کے مختلف اضلاع سے آنے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی عوام کی جماعت ہے ماضی کے حکمرانوں کے بلوچستان اور اس کے مظلوم عوام کے ساتھ کئے گئے بدترین سیاسی و معاشی اقدامات ، صوبے کے وسائل کی بے دریغ لوٹ کھسوٹ ، کرپشن ،ذاتی مفادات کے حصول اور اقربا پروری کے ردعمل میں بلوچستان کے عوام نے نہ صرف بی اے پی کے قیام کو سراہا بلکہ بھرپور مینڈیٹ دیا آج اسی مینڈیٹ اور اعتماد کے بل بوتے پر بی اے پی اور اس کے اتحادی عوام کی ترقی اور پرامن خوشحال بلوچستان کے لئے برسرپیکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی مثالی ہے ۔ اپوزیشن کا پروپیگنڈہ بلوچستان کی ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے ۔ حکومت گرانا ایک خواب ہے ۔ بلوچستان عوامی پارٹی اسکے پارلیمانی ارکان و اتحادی وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں متحد ہیں ۔