• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امرود نہ دلانے پر کمسن لڑکا دوستوں کے ہاتھوں قتل

بھارت میں 3 دوستوں نے مل کر ایک کم سن لڑکے کو امرود نہ دلانے پر تشدد کر کے ہلاک کر دیا.

بھارتی ویب سائٹ ’ انڈیا ٹوڈے ‘ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک سرکاری اسکول میں چھٹی جماعت کے طالب علم فرمان قریشی سے اس کے 3 دوستوں نے امرود دلانے کی فرمائش کی جس پر اس نے دوستوں کو امرود خرید کر دینے سے منع کر دیا اور اپنے گھر چلا گیا۔

بھارتی پولیس کے مطابق مقتول فرمان قریشی دوسرے دن جب اپنے ایک کزن توحید کے ساتھ اسکول پہنچا تو اس کے 3 دوستوں نے مل کر اس پر حملہ کر دیا اور ا س پر اتنا تشدد کیا کہ وہ اپنی جان سے ہی ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی پولیس کے مطابق ان تینوں کو اسکول کے عملے نے حراست میں لے لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا، تینوں دوستوں کی عمریں 15 سال ہیں اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے ایک دوست نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اسے جان سے مارنا نہیں چاہتا تھا، اس نے بس فرمان کے پیٹ میں مکے مارے تھے۔

مقتول فرمان کے والد کا کہنا ہے کہ ’ میرا بھتیجا توحید بھی اس ہی اسکول میں پڑھتا ہے، توحید کا بتانا ہے کہ میرے بیٹے کے تینوں دوستوں نے مل کر ایک اسکول ماسٹر کی موجودگی میں میرے بیٹے فرمان کی جان لی ہے، ایک دوست مسلسل میرے بیٹے کے اوپر بیٹھا ہوا تھا اور اس کی جان لینے کی غرض سے اس پر مکے بر سائے جا رہا تھا۔‘

ایس ایچ او سنجے تیجی کے مطابق ’ مقتول کے والد کی جانب سے تینوں دوستوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تفتیش جاری ہے، دوستوں کی لڑائی دیکھنے والے دیگر اسکول کے طالب علموں کے بھی بیان ریکارڈ کیے گئے ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق 3 دوستوں میں سے صرف ایک نے قتل کیا ہے۔‘

تازہ ترین