• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ نئے گھر کی تعمیر کرنے جا رہے ہوں یا پھر اپنے گھر کے فرش میں تبدیلی لانے کا ارادہ رکھتے ہوں، آپ کو اس مقصد کیلئے 2020ء کے فلور لیمینیشن ٹرینڈز میں سے کسی ایک کو ضرور اپنانا چاہئے۔ یقیناً یہ ایسے فلور آئیڈیاز ہیں جو آنے والے برسوں میں بھی نئے جدید لگیں گے اور آپ کو مہمانوں سے داد دلواتے رہیںگے۔

لیمینیشن فلورنگ بنیادی طور پر لکڑی کے فرش کے متبادل کے طور پر کروائی جاتی ہے۔ فلورنگ ٹیکنالوجی میں زبردست پیشرفت کی جارہی ہے، جس کی بدولت اب بہترین لیمینیشن والا فرش پہلے کی نسبت ٹھوس سخت لکڑی جیسا ہی ہوتاہے۔ ماہرین گھر کی قیمت میں اضافے کیلئے فلور لیمینیشن کو اولین آپشنز میں سے ایک قرار دیتے ہیں جبکہ دیگر میں ٹھوس لکڑی، پتھر اور ٹائلز ہیں۔ 

لیمینیشن کا فرش گھر کے مالکان کو ان کے خوابوں کی فلورنگ کاایک کفایتی طریقہ پیش کرتا ہے۔ 80ءکی دہائی میں، جب لیمینیشن نے پہلی بار مقبولیت حاصل کی تو یہ سستے کے علاوہ غیرحقیقی لگتا تھا۔ اس کے تختے کھوکھلے معلوم ہوتے تھے اور قدموں کی بازگشت عجیب لگتی تھی، لیکن اب زمانہ بدل گیاہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ2020ء میں فلور لیمینیشن کے کونسے آپشنز اپنائےجاسکتے ہیں۔

واٹر پروف لیمینیشن

ٹھوس لکڑی کی بہت سی چیزیں بنتی ہیں لیکن وہ سب واٹر پروف نہیں ہوسکتیں۔ واٹرپروف فلورنگ کا رجحان بہت زیادہ بڑھ رہاہے، خاص طور پر مارکیٹ میں واٹر پروف وینائل فلورنگ کی مانگ بڑھتی جارہی ہے۔ واٹر پروف لیمینیشن سے ملفوف پرت دار لکڑی کے فرش کی دیکھ بھال آسان ہوتی ہے۔ اگر آپ نے کبھی پانی والی جگہوں جیسے کچن یا باتھ روم میں روا یتی لیمینیشن استعمال کی ہے تو آپ جانتے ہوں گے کہ یہ بہترین انتخاب نہیں ہوتا کیونکہ پانی پڑنے سے لیمینشن میں پھول سکتی ہے۔ اسی لیے کچن، بیسمنٹ یا باتھ روم میں واٹر پروف لیمینیشن بہتر ثابت ہوتی ہے۔ اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ آپ کسی بھی اسٹائل میں لیمینیشن کو لکڑی والے فرش پر لگا سکتے ہیں ، یہ آپ کے ذوق پر منحصر ہے کہ آپ کونسا انداز اپناتے ہیں۔

پتھر جیسی لیمینیشن

لیمینیشن صرف لکڑی کی ہی نہیں بلکہ کسی بھی چیز کی ہو سکتی ہے۔ پرتعیش وینائل اور سرامک ​​ٹائلز کا مقابلہ کرنے کیلئے لیمینیشن بنانے والے بہت دانشمند ی سے مارکیٹ میں اس کےنئے ٹرینڈ ز متعار ف کروارہے ہیں۔ ان میں سے ایک پتھر اور ٹائلز کی شکلوں والی فلور لیمینیشن ہے، جسے لگانے کے حوالے سے لوگ فیصلہ کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کررہے، حالانکہ پہلے لکڑی جیسی لیمینیشن کی اجاردہ داری تھی۔ پتھر بھی چونکہ کئی رنگوں اور اقسا م کے ہوتے ہیں، اسی لیے آپ اپنے کمرے کی تھیم کے مطابق پتھر جیسی لیمینیشن کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ آنے والے سال میں آپ ا س ٹرینڈ کو مزید مقبول ہوتا دیکھیں گے۔

امریکن میڈ لیمینیشن

امریکا میں تیار کردہ فلور لیمینیشن مصنوعات دنیا بھر میں مقبول ہورہی ہیں، جو آپ کے گھر کی دلکشی اور آرائش میں عمدہ اضافہ ثابت ہوسکتی ہیں۔ درحقیقت، جوں جوں لیمینیشن والے فرش کی مانگ بڑھ رہی ہے، اسی نسبت سے مارکیٹ بھی پھیل رہی ہے، اس ضمن میں آپ انٹرنیٹ پر نت نئے انداز دیکھتے ہوئے ان کےمینوفیکچر رز کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ خود کام کرنے (Do it yourself)والی ویڈیوز کو دیکھ کر بھی اس فرش کی تنصیب کرسکتے ہیں یا پھرماہرین کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ امکان یہی ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ امریکن میڈ لیمینیٹ فرش کی طلب بڑھتی جائے گی۔

وائٹ واشڈ لیمینیٹ

وائٹ واشڈ لیمینیٹ (Whitewashed Laminate) کا رحجان کیلیفورنیا سے آیا ہے اوردنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔ وائٹ واش کے ساتھ ساحل سمندر کی شکل والے فرش بھی ٹرینڈ بنتے جارہے ہیں، بالخصوص یہ کچن کے لئے بہترین ہیں۔ وائٹ واشڈ لیمینیٹ عام طور پر گہرے رنگوں کے آثار ہیں جو سفید تہہ کے اوپر سے نظر آتے ہیں۔ 

یہ2020ءکے لیے ایک زبردست ٹرینڈ ہے، جس میں فرش کے تمام انداز مل سکتے ہیں۔ وائٹ واشڈ لیمینیٹ سے آپ کو اپنا گھر روشن، کشادہ اور زیادہ پُرسکون نظر آئے گا۔ یہ آپ کے ذوق اورسجاوٹ پر منحصر ہے کہ آپ کس تھیم کا انتخاب کرتے ہیں، ویسے ’ساحل سمندر‘ کے انداز کو سامنے لانےوالا فرش بھی آپ کے گھر میں رونق کا باعث بن سکتاہے۔

بلونڈ لیمینیشن

برسوں پہلےبلونڈ لیمینیٹ (Blonde Laminate) جیسے ہلکے فرش کو فرسودہ یا سستا سمجھا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ چونکہ زیادہ تر گھروں کے مالکان اپنے گھر میں ہلکی روشنی پسند کرتے ہیں، اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ ان کے فرش کی لیمینیشن بھی ہلکے رنگ کی ہو۔ اسی لئے بلونڈ لیمینیٹ آپ کے فرش کو کلاسیکل کے ساتھ ساتھ جدید انداز بھی دے سکتی ہے۔

بلونڈ لیمینیٹ پرت دار لکڑی کے ساتھ آپ کی کمرے کے سجاوٹ کو فیشن ایبل اور ٹرینڈی بناتی ہے اور آپ اپنے موجودہ فرش کی اکھاڑ پچھاڑ کیے بغیر اس کی تنصیب کرواسکتے ہیں۔ بلونڈ لیمینیشن والے فرش سے بھی کمرہ زیادہ وسیع محسوس ہوتا ہے ، خاص طور پر اگر آپ بڑے تختے استعمال کرتے ہیں۔ سفید فرش کے برعکس اس کے گدلا دکھائی دینے کا امکان کم ہی ہوتا ہے۔

تازہ ترین