• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگری: دنیا کی سب سے بڑی کتاب، 346صفحے، وزن1420کلو


یوں تو آپ نے لوگوں کو کتابیں لکھتے اور پڑھتے دیکھا ہی ہوگا، لیکن جناب ایسی دیوہیکل کتاب شاید ہی کبھی دیکھی ہو۔

جی ہاں، ہنگری کے ایک گاؤں جس کی آبادی صرف 300 افراد پر مشتمل ہے لیکن یہاں دنیا کی سب سے بڑی کتاب رکھی ہے، جسے مکمل طور پر ہاتھوں سے بنایا گیا ہے، اور اسے درمیان سے کھولنے کے لیے چھ افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔

ہنگری سے تعلق رکھنے والے کاغذ سازی کے ماہر شخص کی تیار کردہ کتاب کا وزن 1420 کلوگرام ہے، جس کی لمبائی 4.18 میٹر اور چوڑائی 3.77 میٹر ہے۔

اس کتاب میں کل 346 صفحات ہیں، جس میں ہنگری کے جانوروں، درختوں اور پودوں کا تذکرہ ہے، اور اسے خوبصورت تصاویر سے سجایا گیا ہے جبکہ کتاب پر چڑھی جلد بھی روایتی انداز میں ہی ہاتھ سے لگائی گئی ہے۔

اس حوالے سے Béla Varga کا کہنا تھا کہ کتاب کی تیاری کے لیے جو کاغذ ڈھالا گیا اس کے لیے خاص میزیں اور سامان سوئزرلینڈ سے منگوایا گیا تھا، جبکہ ارجنٹینا سے گائے کی کھال سے بنا چمڑا خریدا گیا تھا۔

کتاب کے سارے کنارے لیزر شعاعوں سے تراشے گئے اور کاغذ ایک خاص فیکٹری سے منگوایا گیا، جو آسٹریا میں واقع ہے۔

پرنٹنگ کے لیے آرڈر پر ایک بڑا پرنٹر بنوایا گیا، جو بڑے بڑے اشتہارات چھاپتا ہے۔ ہمارا نازک فطری اثاثہ کے عنوان سے بنائی گئی یہ کتاب اب بھی دنیا کی سب سے بڑی کتاب ہے جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جلد درج کروایا جائیگا اور اس مقصد کے لیے اسی کتاب کی چھوٹی کاپی بھی بنائی گئی ہے۔

تازہ ترین