لاہور(نمائندہ جنگ)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوتن نہ سمجھے،وعدے پورے کرے۔
عارف نظامی کی قیادت میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب عہدیداروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی کمیٹی سےمذاکرات پرمعاملات بہترہونا شروع ہوگئےتھے،اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے،ایک کمیٹی بنتی ہے دوسری ڈالی جاتی ہے۔
ہم نےبھی کمیٹی ڈالی ہے جو ابھی نکلی نہیں،چودھری پرویز الہٰی نےنئی حکومتی کمیٹی پر بابا بلھے شاہ کا شعر پڑھا، اگلی توں نہ پچھلی توں، میں صدقے جاواں وچلی توں۔ہمیں نئی حکومتی کمیٹی کی سمجھ نہیں آئی۔ہم سےکئےگئے وعدے پورے ہونے چاہئیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا چاہتے ہیں کہ حکومت چلے اور اپنی مدت پوری کرے،ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کےساتھ چلتے ہیں۔ہم کوشش کرتے ہیں کہ صبر کے ساتھ چلیں، احساس ہے کہ اگر حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا، اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ویٹ اینڈ امپروومنٹ کی پالیسی پر چل رہے ہیں،حکومت نے کشمیر کا ایشو اچھے طریقے سے عالمی سطح پر اجاگر کیا، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ لڑا۔
چودھری پرویزالہیٰ نے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم کرنا اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، میڈیا ملکی ترقی کا ضامن ہے، میڈیا صحیح سمت میں حکومت کی رہنمائی کرے، میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اخبارات نے ذمہ دارانہ صحافت کی۔
انہوں نے کہا کہ اخبارات نے نہ صرف ارباب اختیار کو اصلاح کا راستہ دکھایا بلکہ لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی بھی دی۔
چودھری پرویزالٰہی نے سی پی این ای کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک جدوجہد کا ثمر ہے کہ آج پاکستان کا میڈیا آزاد ہے، سی پی این ای اخبارات کے ایڈیٹرز کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس میں بلاشبہ ملک کے نامور اور سینئر صحافی شامل ہیں جنہوں نے ہر دور میں اپنی پیشہ ورانہ صحافت کے ذریعے بہترین خدمات انجام دی ہیں۔
پاکستان کے صحافی بہادر اور محب وطن ہیں جنہوں نے دشمن کی اٹھنے والی ہر آواز کو دبایا اور اسے منہ توڑ جواب دیا۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے بھی خطاب کیا۔