• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ کے گھر میں تھوڑی سی فالتو جگہ ہے (چاہے زمین پر یا چھت پر) اور یہ پانچ چھ فٹ جتنی چھوٹی بھی ہو تو آپ اس پر اپنی دلچسپی کی سرگرمی انجام دے کر اسے کارآمد بنا سکتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کیسے۔

ٹری نرسری

گھر کے چھوٹے سے قطعہ اراضی پر آپ10سے20پودوں کے ساتھ آغاز کرسکتے ہیں۔ زمین اورآب وہوا کے لحاظ سے آپ چیکو، کینو یا آم کے درخت لگاسکتےہیں۔ لیکن اگر آپ کا درخت لگانے کا ارادہ نہ ہو تو وہاں آپ بہت سی سبزیاں اُگاسکتے ہیں۔ گملوں کا استعمال کرکے بھی بہت کچھ کیا جا سکتا ہے۔ 

حتیٰ کہ ایک چھوٹا صحن یا برآمدہ سبزیوں کا ایک چھوٹا مگر مناسب باغیچہ بنانے کے لئے کافی ہے۔ اگر آپ کے گھر کے اندر بالکل بھی جگہ نہیں ہے تو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ،آپ گھر کے باہر بھی درخت یا پودے لگا سکتے ہیںکیونکہ جہاں روشنی اور ہوا کا مناسب بندوبست ہووہ جگہ پودوں کے لیے کافی ہوتی ہے ۔

فش فارمنگ

چار سے چھ فٹ کا ٹینک تیار کرکے آ پ نہ صرف رنگ برنگی مچھلیوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں بلکہ مچھلیوں کی خریدو فروخت سے اپنی آمدنی میں اضافہ بھی کرسکتے ہیں۔ ایک بار جب آپ کو مچھلیوں کی افزائشِ نسل کا صحیح علم ہو جائے توپھر آپ مچھلی کی صحیح اقسام پالنے کا فیصلہ کرسکیں گے۔ 

مچھلی جیسے تلپیا، کوڈ، اور کیٹ فش بہت مشہور ہیں کیونکہ ان کا خیال رکھنا بہت آسان ہے اور عام طور پر اس کی زیادہ مانگ ہوتی ہے۔ مچھلیاں رکھیں تو ان کی دیکھ بھال ،صفائی اور خوراک کا لازماً خیال رکھیں تاکہ وہ بھی آپ سے اتنا ہی لطف اٹھائیں جتنا آپ ان سے اٹھاتے ہیں۔

دو فصل فارمنگ

دوفصل فارمنگ کا مطلب ہے کہ آپ اپنی زمین پر دو فصلیں اُگائیں۔ دو فصل فارمنگ کاشتکاروں میں بہت مشہور ہے کیونکہ اس سے سامان ، مٹی اور پانی کے بہتر استعمال کے ساتھ پیداوار بھی عمدہ حاصل ہوتی ہے۔ اس طرح سارا سال ایک چھوٹے سے فارم میںبھی زیادہ فصل ملتی ہے۔ دو فصلوں کی کچھ مثالوں میں اسٹرابیری اور تربوز، مکئی اور کینولا کے علاوہ گندم اور سویا بین ہیں۔

ہرب گارڈننگ

اب شاید و ہ زمانہ نہیں رہا کہ لوگ جڑی بوٹیوں کو پہچانتے ہوں یا عام طور پر ان کا استعمال بھی کرتے ہوں۔ آپ جڑی بوٹیوں لگاتے وقت ان کی مختلف اقسام کو دھیان میں رکھیں اور جس چیز کی مانگ زیادہ ہو اسے منتخب کریں تاکہ ان کی فروخت میں آسانی ہو۔ آپ جڑی بوٹیوں، پودوں ، بیجوں یا پھر تینوں چیزوں کو فروخت کر سکتے ہیں۔ آپ پودے اور بیج آن لائن بھی فروخت کرسکتے ہیں۔

چھت پر چائے کا باغیچہ

اگرچہ شہری علاقوں میں چھتوں پر بنے باغیچے پہلے ہی عام ہیں، لیکن آپ کچھ منفرد کرسکتے ہیں۔ آپ عام قسم کے پودوں کے بجائے چھت پر چائے کا باغیچہ بنائیں۔ اگر آپ چائے کے باغیچے کو صحیح طریقے سے لگانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سورج کی روشنی اور ہوا کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پودوں کو سورج کی کافی روشنی اور سایہ ملے اور وہ تیز ہوا کے جھونکوں سے محفوظ رہیں۔ باغیچہ بنانے سے پہلے اپنی چھت کے بوجھ اٹھانے کی صلاحیت کا تعین کرلیں۔

پولٹری فارمنگ

پولٹری فارمنگ کے ذریعے آپ مرغی کی مصنوعات فراہم کرسکتے ہیں۔ چونکہ پولٹری مصنوعات کی مانگ مستقل ہوتی ہے، اس لئے ممکنہ فارم مالکان کے لئے ایک پرکشش سرمایہ کاری کا آپشن بن سکتا ہے۔ گولڈن مرغیاں سالانہ 170سے200تک انڈے دیتی ہیں اور ان کو پالنے میں معمولی سی محنت لگتی ہے۔ 

گھر میں اگر دوسو مربع فٹ یا دس گز کی جگہ ہوتو سو مرغیاں آسانی سے پالی جاسکتی ہیں۔ اگر آپ شوق میں مرغیاں پال رہے ہیں تو چھوٹی جگہ پر پانچ سے چھ مرغیاں اور ایک بطخ کا جوڑا بھی کافی ہوگا ۔ آپ کو صرف باجرہ، مکئی یا گھر میں بچ جانے والی روٹی کے ٹکڑے ان کو ڈالنے کی ضرورت ہوگی۔

پرندوں کی فارمنگ

آپ نےاپنے چند ایک رشتہ داروں یا محلے میں کسی نہ کسی کے گھر پر طوطوں کے پنجرے ضرور دیکھے ہوں گے، جن کے اندر اڑتے چھوٹے طوطے یا آسٹریلین چڑیاں خوب رونق بکھیرتی ہیں، جنھیں دیکھ کر بچے اور بڑے سب محظوظ ہوتے ہیں۔ 

اس کے علاوہ بولنے والے طوطے، کنگ فشر، فنچز ، بٹیر اور مینا وغیرہ بھی لوگ شوق سے پالتے ہیں۔ کراچی کی آب و ہواپرندوں کی افزائش کیلئے موزوں ہے کیونکہ یہاں زیادہ سردی نہیں پڑتی، لہٰذا چھوٹے رنگ برنگے پرندوںکا خوبصورت پنجرہ آپ کے گھر میں ایک خوبصورت اضافہ ہوگا۔

پھولوں کا فارم

اگر آپ گھر کے عقبی حصے یا صحن میں صرف پھولوں کا فارم بنالیتے ہیں تو اس سے نہ صرف آپ کا گھر خوشبوئوں سے معطر رہے گابلکہ آپ پھولوں کو مارکیٹ بھی فروخت کرسکتےہیں۔ پھولوں کی خوشبو سے ویسے بھی انواع اقسام کے پرفیومز اور عطر بنتے ہیں، جس سے خوبصورتی اور بھی بڑھتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ 

اس کے علاوہ جِلد کوصحت مند، موئسچرائزڈ اور جواں رکھنے والی بہت سی کریموں اور لوشنز میںبھی پھولوں کےفوائد شامل ہوتے ہیں۔ دستیاب جگہ اور موسم کی مناسبت سے آپ کئی انواع اقسام کے پھول اُگا سکتےہیں اور اس ضمن میں کسی ماہر کاشت کار یا مالی کی خدمات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین