• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوپ کے بغیر سر د ی کا مزہ کچھ ادھورا ادھورا سا لگتا ہے ۔سردموسم میں اس کو بنا نے کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے ۔اس ہفتے ہم آپ کے لیے مختلف طرح کے سوپ کی ترکیب لے کر آئے ہیں اسے بنا کر خود بھی مزے سے پئیں اور دوسروں کو بھی پیلائیں ۔

مزیدار تھائی سوپ

اجزاء: تیل ایک کھانے کا چمچہ ، ادرک کے باریک سلائس دوکھانے کے چمچے، چکن کی یخنی دس سے بارہ کپ، سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ،لیموں کا رس چوتھائی کپ ہری مرچ چھ عدد،چینی ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ،ٹو بیکو ساس ایک کھانے کاچمچہ، فرائیڈ چاول ایک کپ،ہری پیاز دو عدد

ترکیب: فرائیڈ چاول بنانے کے لیے :نمک کے بغیراُبلے چاولوں کو تھوڑے سے تیل میں اتنا فرائی کریں کہ وہ سنہرے ہوجائیں ،پھر ان کو ایک طرف رکھ دیں۔ بعدازاں چکن پر نمک،چینی،سفید مرچ اور کارن فلور لگا کے اٍسے میری نیٹ ہونے کے لیےرکھ دیں۔ایک پین میں تیل گرم کرکے کٹی ہوئی ادرک کو ہلکا فرائی کرلیں،پھر اس میں آدھا کپ یخنی شامل کرکے پکائیں۔اب میری نیٹ کی ہوئی چکن شامل کرکے مزید فرائی کریں۔چکن پک جائے تو باقی یخنی،سفید مرچ،لیموں کا رس،چینی،نمک اور ٹوبیکوساس اور چاول شامل کر کے یکجا کرلیں۔تیار ہونے پر سرونگ باؤل میں نکالیں۔کٹی ہری مرچ اور ہرا پیاز سے گارنش کردیں۔

چکن کارن سوپ

اجزا:مرغی آدھا کلو،لہسن سات جوئے،ادرک ایک سے ڈیڑھ انچ کا ٹکڑا،پیاز ایک عدد،چینی ایک کھانے کا چمچہ،انڈہ 1 عدد،سرکہ ایک کھانے کا چمچہ،کارن فلور چار سے پانچ کھانے کے چمچے ،نمک حسب ِذائقہ،کالی مرچ حسب ذائقہ،مکئی کے دانے۔ آدھا کپ

ترکیب: پہلے لہسن، ادرک اور پیاز کاٹ لیں،پھرآٹھ کپ پانی میں نمک اور مرغی کے ساتھ یہ چیزیں ابال لیں ۔جب گوشت گل جائے تو گوشت کے باریک ریشے الگ اور یخنی علیحدہ کرلیں۔اب ایک پتیلے میں یخنی، گوشت، کالی مرچ، سرکہ، کارن فلور، مکئی کے دانے اور انڈے کی سفیدی آہستہ آہستہ شامل کرکے تھوڑی دیر پکائیں ۔ مزیدار سوپ تیار ہے۔آپ چاہیں تو پاپڑی اور ابلے انڈے الگ سے بھی ڈال سکتی ہیں۔

ہارٹ اینڈ سار سوپ

اجزاء:چکن یخنی ایک کپ ،ریشہ کی ہوئی چکن ایک پیالی،ہری پیازآدھی پیالی،بند گوبھی ایک کپ،گاجر دوعدد ،شملہ مرچ دو عدد ،سویا سوس تین کھانے کے چمچے،چلی ساس ایک کھانے کا چمچہ،کیچپ آدھا کپ،چینی ایک کھانے کا چمچہ،کارن فلور پانچ سے سات کھانے کے چمچے،کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ،سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ،نمک حسبِ ذائقہ

ترکیب: پہلےایک دیگچی میں یخنی بنالیں۔اب اس میں چکن اور باریک کٹی ہوئی تمام سبزیاں اور مسالے جات شامل کرلیں۔ بعدازاں کارن فلور کو پانی میں گھول لیں اور حسب ضرورت شامل کرتی جائیں ۔جب سوپ گاڑھا ہوجائے تو اس میں پھینٹا ہوا انڈاہ شامل کرلیں اور گرم گرم نوش فرمائیں۔مزیدار ہارٹ اینڈ سار سوپ تیار ہے۔

گاجر کریمی سوپ

اجزاء:مکھن آدھی ٹکیا، کھٹی دہی آدھی پیالی ،چکن یخنی ایک پیالی ،آلودو عدد(چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں )، گاجر تین عدد(سلائس کاٹ لیں)،لہسن ایک جوا(کچل لیں) ، پیاز ایک عدد( چھوٹی چھوٹی کاٹ لیں)،نمک اور مرچ حسب ِذائقہ۔

ترکیب:ایک دیگچی میں مکھن کو پگھلالیں۔ اب اس میں گاجر، لہسن اور پیاز ڈال کر دو سے تین منٹ تک پکائیں، پھر آہستہ آہستہ چمچہ چلاتے ہوئے آلو بھی شامل کردیں۔بعدازاںآنچ ہلکی کرکے ڈھکن ڈھانپ کر سبزیوں کو چار تا پانچ منٹ تک پکنے دیں۔پھر یخنی شامل کر کے اُبال لیں ساتھ ہی حسب ذائقہ نمک اورمرچ بھی ڈال دیں۔ آنچ ہلکی ہی رہنے دیں۔ ڈھکن ڈھانپ کر تقریباً آدھی گھنٹے تک پکنے دیں ۔ لذیذ گاجر کریمی سوپ تیار ہے ۔ پیالوں میں نکال کر گرما گرم پیش کریں۔ دہی سے گارنش کرنا نہ بھولیں، اگر مسالہ چھڑکنا چاہیں تو گارنشنگ کے لئے چھڑک دیں۔

تازہ ترین