• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو انسان محنت کو اپنا شعار بنا لیتا ہے، مستقل مزاجی کو اپنا لیتا ہے، مدح و ذم سے بےپروا ہو جاتا ہے، انسانیت کی فلاح و بہبود کے بارے میں سوچنے لگتا ہے تو کامیابیاں اس کے قدموں تلے بچھتی چلی آتی ہیں۔ تاریخ میں اس کی سینکڑوں مثالیں ملتی ہیں۔ ہمیں طبعی طور پر کامیاب اور اہم ترین افراد کی آپ بیتیاں، بائیو گرافیاں اور انٹرویوز پڑھنے کا بہت شوق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک ہم 586افراد کی داستانِ حیات پڑھ چکے ہیں۔ تمام کامیاب افراد میں چند مشترکہ عادات جو ملتی ہیں، ان میں سے ایک اَنتھک محنت ہے۔ تمام کامیاب افراد محنتی تھے۔ محنتی شخص اللہ تعالیٰ کا محبوب ہے۔ محنت ایک ایسی صفت ہے جو ناکام سے ناکام ترین شخص کو بھی کامیابی کی دہلیز تک لے آتی ہے۔ دوسری صفت مستقل مزاجی ہے۔ دیکھیں! اگر چھت سے پانی کا ایک قطرہ بھی مسلسل ٹپکتا رہے تو نیچے موجود سخت ترین چٹان میں بھی شگاف ڈال دیتا ہے۔ کامیابی ہمیشہ مثبت سوچ رکھنے والوں کے قدم چومتی ہے۔ کامیابی کے لیے ہمدردی اور خیر خواہی بھی ضروری ہے۔ جب آپ کسی کمزور کو ایک قدم آگے بڑھانے کی سعی کرتے ہیں تو اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کو بلندی عطا کر دیتے ہیں۔ نئے رجحان اور نئی منزلوں کی تلاش اشد ضروری ہے۔ کامیاب افراد ہمیشہ نئی مارکیٹیں، نئی منزلیں اور نئے راستے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ اپنی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے جبکہ اپنے فن اور کاموں سے متعلق رسمی اور غیررسمی تعلیم کا حصول کامیابی کی علامت ہے۔ صبح سویرے اٹھنے کی عادت ڈالیں۔ جب آپ کو کوئی کامیاب فرد نظر آئے تو آپ سمجھ لیں کہ یہ صبح خیز ہے۔ ٹائم مینجمنٹ اور سیلف مینجمنٹ اہم ہے۔ اللہ نے ہر شخص کو 24گھنٹے ہی دیے ہیں، جو شخص اپنے اوقات کو منظم کرکے صحیح کاموں میں صرف کرتا ہے وہ ضرور کامیاب ہوتا ہے۔ اپنے مقاصد کا تعین بھی بہت اہم ہے۔ کامیاب افراد پہلے اپنا ہدف طے کرتے ہیں اور پھر اس کے تعاقب میں سرگرداں ہو جاتے ہیں۔ مشکلات کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کرنا، مصائب میں الجھ کر مسکرانا کامیاب افراد کی عادتِ ثانیہ ہوتی ہے۔ جو ہمت اور بہادری کے ساتھ کام کرتا ہے تو اسے کامیابی لازمی ملتی ہے۔ دوسروں کی رائے کا احترام کرنا چاہئے جو شخص دوسروں کے رائے نہیں سنتا، وہ کامیاب نہیں ہو سکتا، چنانچہ ہر کامیاب شخص آپ کو دوسروں کی رائے سننے والا ملے گا۔ مشورہ کرنا اور اہم کام کرنے سے پہلے اپنے دوستوں اور کولیگز سے مشورہ کرنے سے بہت سے نئے پہلو اور مخفی زاویے سامنے آ جاتے ہیں۔ کامیاب اور ذہین ترین افراد کی صحبت میں اٹھنے بیٹھنے سے بھی کامیابی کے گُر ملتے ہیں۔ ناکام، ناامید، مایوس اور منفی سوچ رکھنے والے افراد سے بچنا لازمی امر ہے۔ ناامید اور مایوس لوگ آپ کو بھی مایوس کر دیں گے۔ امریکی صحافی نپولین ہل نے تھنک اینڈ گرورچ کے عنوان سے کتاب لکھی ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے سینکڑوں سیلف میڈ افراد کی کہانیاں اور داستانیں بیان کی ہیں جو پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس میں انہوں نے بتایا ہے کہ غریب افراد نے کس طرح کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بھی کامیابی کے لیے جو مشترکہ عادات لکھی ہیں، وہ 8ہیں۔ اسی طرح ایک اور دانشور اور محقق تھامس سی کورلے نے بھی ایک کتاب لکھی ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے تقریباً 200کامیاب افراد کی زندگیوں پر تحقیق کی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ وہ آخر وہ کون سے گُر اور فارمولے تھے جو یہ غریب افراد اپنا کر کامیابی کی دہلیز تک پہنچے ہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر امجد ثاقب نے بھی پاکستان کے 150کامیاب افراد کی داستانیں لکھی ہیں۔ آپ دینی اور دنیاوی کسی بھی کامیاب شخص کی آپ بیتی سن کر یا پڑھ کر دیکھ لیں۔ وہ سب کے سب آپ کو صبح سویرے اٹھنے والے، ایماندار، مثبت سوچ رکھنے والے، دوسروں کی رائے کا احترام کرنے والے، مشورہ کرنے والے، ہمدرد، اپنے کام سے مخلص، صحت مند، ورزش کرنے والے، ہنس مکھ، باادب، وژنری، مشکلات سہنے والے اور انتھک محنت کرنے والے ملیں گے۔ آپ بھی اگر چاہتے ہیں کہ ہر اعتبار سے کامیابی و کامرانی آپ کے قدم چومے تو پھر آپ بھی درج بالا عادات اپنانے کی کوشش کیجئے۔ اس کا آغاز ابھی اور اسی لمحے سے کیجئے۔ سوچ بدلیں، زندگی بدل جائے گی۔ عمل اور تجربہ شرطِ اوّل ہے۔ بسم اللہ کرکے پہلا قدم اُٹھائیے۔ جو رب اڑتے ہوئے پرندے کو گرنے نہیں دیتا وہ ذات آپ کو کیسے گرنے دے گی، آپ تو پھر اشرف المخلوقات ہیں۔

تازہ ترین