• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اشرف نے عرفان جونیجو کو کیا مشورہ دے دیا؟

معروف اداکار عمران اشرف نے نامور یوٹیوبر عرفان جونیجو کو ولاگنگ نہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

گزشتہ دِنوں پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور وی لاگر عرفان جونیجو نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’آئی کوائٹ‘ (I Quit) کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے اِس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ اب وی لاگنگ نہیں کریں گے۔

عرفان جونیجو نے اپنی ویڈیو میں وی لاگنگ چھوڑنے کی وجہ ڈپریشن، احساسِ کمتری اور بے چینی بتائی تھی۔

اُن کے اِس فیصلے کے بعد اُن کے مداح اُن کی ویڈیو پر کمنٹس کر کے اپنی مایوسی کا اظہار کررہے ہیں۔

عرفان جونیجو کے وی لاگنگ چھوڑنے کے فیصلے پر عمران اشرف بھی خاموش نہ رہے اور اُنہوں نے سوشل میڈیا پر ان کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ’نہیں بھائی وی لاگنگ نہیں چھوڑنا، مجھے معلوم ہے کہ انزائٹی بہت خطرناک چیز ہےلیکن اللّہ بڑا مہربان ہے۔‘

عمران اشرف نے لکھا کہ ’تُم اتنی آسانی سے یہاں نہیں پہنچے ہو، ہم لوگوں کے پاس تو ٹی وی جیسا پلیٹ فارم ہے لیکن آپ لوگوں کے پاس تو کوئی پلیٹ فارم بھی نہیں ہے خود کا نام دُنیا میں بنانے کےلیے ۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’آپ سب کے لیے ایک مثال ہیں کیونکہ آپ نے ٹی وی کے بغیر لوگوں میں اپنی پہچان بنائی ہے۔‘

اُنہوں نے عرفان جونیجو سے کہا کہ ’آپ ایک بار میرے کہنے پر وی لاگنگ نہ چھوڑیں اور اپنا یقین اللّہ پر چھوڑدیں، یقین کریں جیت آپ کی ہوگی۔‘

واضح رہے کہ عرفان جونیجو کا شمار پاکستان کے بڑے اور نامور یوٹیوبرز میں ہوتا ہے اور اُن کے ولاگز سے مُتاثر ہوکر پاکستان میں بہت سے نوجوانوں نے وی لاگنگ کی دُنیا میں قدم رکھا ہے۔

تازہ ترین