• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی اے میرے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت انکوائری کر رہی ہے، خواجہ آصف

ایف آئی اے میرے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت انکوائری کر رہی ہے، خواجہ آصف


مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت انکوائری کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میرا وزیراعظم بننے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، میں نہیں چاہتا کہ میری ذاتی رنجشیں پارٹی معاملات پر اثرانداز ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 1958سے پہلے کسی سیاستدان پر کرپشن کے الزامات نہیں لگے، یہ الزامات سابق صدر جنرل (ر) ایوب خان کے دور میں لگنا شروع ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سوداگروں پر سیاست کے دروازے بند نہ ہوئے تو یہ کسی کو بھی بیچ سکتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی وفاداریاں بدلنے کی روایت ختم کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ عندیہ بھی دے دیا کہ ہوسکتا ہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اگلا الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر لڑیں۔

اپنے خلاف جاری انکوائری پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہو رہی ہے، مجھ پر غداری کا الزام لگتا ہے تو یہ میرے لیے فخر کا باعث ہوگا۔

خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے والد پر بھی 124 اے کا مقدمہ بنا تھا، وہ مادرِ ملت فاطمہ جناح کو سپورٹ کرتے تھے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ملک کو برباد کرنے والوں سے حب الوطنی کی سند نہیں چاہیے، میں سیاسی ورکر ہوں، سر اونچا کرکے فخر سے جیوں گا، سیالکوٹ کے عوام نے 6 مرتبہ مجھے ووٹ دے کر منتخب کیا۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے بلایا تھا، سوالنامہ بھی دیا تھا، میں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ میرے حق میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقتاً فوقتاً ایف آئی اے کی جانب سے نوٹسز آتے رہتے ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نیب قوانین سیاسی انتقام کے لیے بنائے گئے، انہیں ختم نہ کرنے کا خمیازہ آج سب بھگ رہے ہیں۔

تازہ ترین