• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی ایل کیلئے بھارت آئی سی سی اجلاس ملتوی کرانے کا خواہاں

ممبئی (جنگ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور اس کے کمائو پوت بھارت کے درمیان رسہ کشی نئی بات نہیں۔ بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت مارچ میں آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ ملتوی کرانا چاہتا ہے تاہم آئی سی سی نے انکار کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے آغاز کے موقع پر دبئی میں آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی تاریخیں آگے بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ اہم اجلاس دبئی میں27سے 29 مارچ کو شیڈول ہے۔ جبکہ 29 مارچ کو آئی پی ایل کا افتتاحی میچ کھیلا جانا ہے جو اس سے ٹکرائے گا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کی تحریری درخواست ملی ہے لیکن یہ ناممکن ہے کیونکہ میٹنگز کے لیے تمام ضروری اقدامات مثلاً ہوٹلز کی بکنگز، مندوبین کیلئے رہائش اور سفری انتظامات کیے جاچکے ہیں۔ ہم نے ممبران کو اس سے متعلق گذشتہ برس اگست میں مطلع کردیا تھا۔ آئی سی سی میٹنگز کا شیڈول ایڈؤانس میں بنالیا جاتا ہے، اگلی سالانہ کانفرنس کیپ ٹائون میں جولائی 17 اور 18 کو ہوگی۔ اب یہ سوال بھارتی بورڈ سے پوچھا جانا چاہیے کہ اس نے آئی پی ایل کیلئے انہی تاریخوں کو کیوں چنا۔

تازہ ترین