• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینسر کے موذی مرض میں مبتلا کمسن دم توڑ گیا

لندن ( جنگ نیوز) برطانیہ میں کینسر کے موذی مرض میں مبتلا کمسن بچہ جیک لیسی گزشتہ روز دم توڑ گیا۔ اس نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں اپنے والد کے ہاتھوں میں لیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 سالہ بچے کو برین ٹیومر تھا جس سے اس کے چہرے کے نقوش بھی تبدیل ہو گئے تھے۔ جیک لیسی کا تعلق شفیلڈ سے تھا اسے گزشتہ سال کینسر کے مہلک مرض کی تشخیص ہوئی تھی۔ گزشتہ سال فروری میں اس کے والدین نے محسوس کیا کہ جیک کے ہنسنے کے اندازمیں تبدیلی آ رہی ہے اور اس کا منہ ٹیڑھا ہو رہا ہے تو انہوں نے ڈاکٹروں سے رابطہ کیا۔ جیک کو رات کو ڈر لگنے لگا تھا وہ اچانک خوفزدہ ہو جاتا تھا۔ بچے کے سٹی سکین کے بعد ڈاکٹروں نے والدین کو افسوس ناک خبرسنائی تھی کہ جیک لیسی کو برین کینسر ہے اور وہ بہت کم عرصے زندہ رہ پائے گا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچے کے دماغ کے جس حصے میں ٹیومر تھا اس کا علاج ناممکن تھا ۔ بچے کو برین ٹیومر کی بھیانک خبر کے بعد والدین نے اسے خوش رکھنے کی کوششیں کیں اور اسے تفریحی مقامات کی سیر پر لے جانے کو روز کا معمول بنا لیا ۔ مالی مشکلات کی وجہ سے کئی افراد نے انکی مدد بھی کی۔ جیک لیسی کو مختلف ممالک کے دورے بھی کروائے گئے تاکہ وہ زندگی کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہو ۔ جیک لیسی گزشتہ روز اس دنیا سے رخصت ہو گیا ۔ جیک لیسی کے والدین نے زندگی کے آخری لمحات میں بچے کو خوشیاں فراہم کرنے او مشکل کی گھڑی میں مدد کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ جیک کا زبردست کیموتھراپی علاج ویسٹن پارک ہسپتال میں کیا گیا تھا ۔
تازہ ترین