• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرو فیروز: مسلح افراد کی فائرنگ، رکن سندھ اسمبلی جاں بحق

نوشہرو فیروز: مسلح افراد کی فائرنگ، رکن سندھ اسمبلی جاں بحق


نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری جاں بحق ہوگئیں، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم پی اے شہناز انصاری پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی کی رکن شہناز انصاری مسلح افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئی تھیں، جنہیں پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ  منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر امان اللّٰہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زخمی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہنازانصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں، فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پرپیش آیا ہے جبکہ ملزمان فرارہو گئے ہیں۔

 پو لیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور شہناز انصاری کے بہنوئی مرحوم زاہد کھوکر کے بھتیجے ہیں۔

مقتولہ شہناز انصاری پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتی تھیں، اور خواتین کی مخصوص سیٹ پر منتخب ہوئی تھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم پی اے شہناز انصاری پر قاتلانہ  حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ حملہ آور کسی بھی صورت بھاگنے نہ پائیں۔

تازہ ترین