اسلام آباد(وقائع نگار )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت اور ریاست کو کسی سازش کے تحت نہیں عوام کی مرضی کے مطابق چلنا چاہئے، ہم اس سلیکٹڈ کو نہیں مانتے تو کسی اور سلیکٹڈ کوکیوں مانیں گے، ہم صرف جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، جمہوری طریقے سے ہی عوام کے معاشی حقوق کا تحفط کروا سکتے ہیں، ایک انٹرویومیں بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت صرف سیاسی مخالفین کیخلاف ڈٹی ہوئی ہے، چاہے مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف آرٹیکل 6کا مقدمہ ہو یا سوشل میڈیا پر پابندیوں کا معاملہ، حکومت نے سنسرشپ کی تاریخ رقم کردی ہے، سوشل میڈیا پر غیرجمہوری طریقے سے پابندیاں لگائی گئی ہیں، ہمارا فوکس مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کرنا ہے، اپوزیشن حکمت عملی کے متعلق کنفیوز نہیں ہے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس بہت سارے آپشنز موجود ہیں،میں نے جیسے ہی مارچ کا اعلان کیا تو نوٹس جاری کرواکر مجھے ڈرانے کی کوشش کی گئی ہے، ہم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ، مارچ کا ٹارگٹ عوام تک پہنچانا اورعوام کا پیغام حکومت تک پہنچانا ہے، مریم نواز کی خاموشی اور رہنماؤں کی بیرون ملک روانگی کسی ڈیل کا نتیجہ ہے کے جواب میں انہوں نے کہا ، میں نہیں سمجھتا ، ہر سیاسی جماعت کا اپنا کردار ہوتا ہے، امید رکھتا ہوں کہ یہ کوئی ڈیل یا مک مکا کا نتیجہ نہیں ہوگا، ملک میں موجود ہوں، کہیں بھاگنے والا نہیں، عوام کے مسائل پر آواز اٹھاتا رہوں گا،انہوں نے کہا کہ انہیں مولانا فضل الرحمٰن سے کسی معاہدے کا علم نہیں۔