لندن(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے عمران خان حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دن رات یوٹرن لینے والوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے، وزیراعظم ہائوس میں چور، کرپٹ اور ذخیرہ اندوز بیٹھے ہوئے ہیں، عمران خان 20 سال میں خرچ کئے گے پیسہ کو کئی گنا زیادہ عوام سے وصول کر چکے ہیں۔ سابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے والدہ کے لندن پہنچنے کے بعد ایون فیلڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیمار والدہ لمبا سفر طے کر کے بخیریت پہنچی ان کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں، مریم کا کیس ہائیکورٹ میں ہے، اگر انہیں اجازت ملی تو اللہ سے دعا گو ہیں وہ بھی موجود ہوں۔اس موقع پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے ذمے دار عمران خان ہے، دن رات یوٹرن لینے والوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے۔شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ نے کہا تھا جب مہنگائی ہو تووزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے۔ آج قوم فیصلہ کرلے کون کرپٹ ہے۔شہباز شریف نے ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن)کے دفاتر پر نیب چھاپے کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان، جہانگیر ترین، شہزاد اکبر اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے جو صرف شریف فیملی اور (ن)لیگ کے خلاف ہے۔ بدترین ادوار میں بھی ہم سرخرو ہوئے، اب بھی ہوں گے۔ اتفاق فائونڈری کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن اللہ کی مدد سے کامیاب ہوئے۔ لاہور سیف سٹی ہمارے دور کا کامیاب منصوبہ تھا آج عمران خان بد حواسی کے عالم میں وہاں پہنچے ان کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھی۔شہبازشریف نے کہا پشاور بی آر ٹی بلین درخت، لا قانونیت، بے روزگاری اور معاشی بدحالی یہ ہے نیا پاکستان۔ اسحاق ڈار نے حلال کی کمائی سے گھر بنایا اس کو چھیننے کی کوشش کی۔ اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرکے عدالت کے حکم کی دھجیاں اڑائیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا دوبارہ اقتدار ملا تو عوام کے ساتھ مل کر ملک کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ ہمارے دور اقتدار میں بجلی اور گیس کے منافع بخش منصوبے تھے مگر یہ حکومت چوروں اور ڈاکوئوں کو بیچنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم ہائوس میں چور، کرپٹ اور ذخیرہ اندوز بیٹھے ہوئے ہیں۔ عمران خان 20 سال میں خرچ کئے گے پیسہ کو کئی گنا زیادہ عوام سے وصول کر چکے ہیں۔