• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برقعے پر تنقید کرنے والی بنگلادیشی رائٹر کو اے آر رحمٰن کی بیٹی کا جواب

بھارتی گلوکار اے آر حمٰن کی بیٹی خدیجہ رحمٰن نے برقعے پر تنقید کرنے والی بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین کو سوشل میڈیا پر جواب دے دیا۔

گزشتہ دِنوں بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی گلوکار اے آر رحمٰن کی بیٹی خدیجہ رحمٰن کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے برقع اور حجاب پہنا ہوا تھا۔

بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین کا کہنا تھا کہ ’مجھے اے آر رحمٰن کی گلوکاری پسند ہے لیکن میں جب بھی اُن کی بیٹی کو دیکھتی ہوں تو میرا دم گُھٹنے لگتا ہے۔‘

تسلیمہ نسرین نے لکھا تھا کہ ’یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک ثقافتی گھرانے میں پرورش پانے والی لڑکی کا بھی آسانی سے برین واش ہوسکتا ہے۔‘

تسلیمہ نسرین کے اِس تنقید بھرے ٹوئٹ پر خدیجہ رحمٰن بھی خاموش نہ رہیں اور اُنہوں نے انسٹاگرام پر اپنی حجاب میں تصویر شیئر کی جس کا اُنہوں نے ایک طویل کیپشن لکھا۔


خدیجہ رحمٰن نے لکھا کہ ’بھارت میں اِس وقت بہت کچھ ہورہا ہے لیکن سب لوگ اِس بات کے لیے فکر مند ہیں کہ عورت کو کیا لباس پہننا چاہیے اور یہ دیکھ کر میں بہت حیران ہوتی ہوں۔ ‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں جب بار بار یہ موضوع سُنتی ہوں تو میرے اندر ایک آگ بھڑک اُٹھتی ہے۔‘ 

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں بہت ساری باتیں کہنا چاہتی ہوں گزشتہ ایک سال میں مجھے اپنا جو ایک مختلف وژن ملا ہے وہ اِس سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا۔‘

خدیجہ رحمٰن نے لکھا کہ ’میں کمزور نہیں ہوں اور نا ہی میں اپنی اِس زندگی کے اتخاب پر مایوس ہوں بلکہ میں بہت خوش ہوں اور مجھے برقع اور حجاب پہننے پر فخر ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اُن لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے مجھے اِس طرح قبول کیا اور وہ مجھے میرے کام سے جانتے ہیں۔‘ 

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اِس بارے میں اتنا کہوں گی کہ میں اللّہ کے بتائے طریقوں پر زندگی گُزار رہی ہوں۔‘

اُنہوں نے اپنے کیپشن میں بنگلادیشی رائٹر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’محترمہ تسلیمہ نسرین! مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ آپ اپنے ہی لباس کی وجہ سے گُھٹن محسوس کر رہی ہیں، آپ کو کچھ تازہ ہوا لینے کی ضرورت ہے۔‘

خدیجہ رحمٰن نے لکھا کہ ’مجھے برقع پہننے سے کوئی گُھٹن محسوس نہیں ہوتی ہے بلکہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے اور میں اپنے اِس فیصلے میں بااختیار ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’تسلیمہ نسرین میرا آپ کو مشورہ ہے کہ آپ کو ایک بار گوگل کرکے حقیقی نسوانیت کا مطلب معلوم کرنا چاہیے ۔‘

واضح رہے کہ بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین سوشل میڈیا پر اکثر اپنے متنازع بیان دینے میں آگے رہتی ہیں اور گزشتہ کچھ دِنوں سے وہ برقع پہننے کے خلاف بیان دیتی نظر آرہی ہیں۔

تازہ ترین