• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسیم شاہ کو ابتدائی دو میچ نہ کھلائے جائیں، پی سی بی میڈیکل پینل

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ سٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پسلیوں کی تکلیف کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے ابتدائی دومیچوں میں نہ کھلایا جائے اگر انہیں دو میچوں کا آرام مل گیا تو وہ پورے ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب ہوں گے۔کوئٹہ نے نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات اور اتوار کو پی ایس ایل کے دو میچ کھیلنا ہیں۔ اس وقت گرمی ہورہی ہے اور زور لگانے سے نسیم شاہ کی انجری میں شدت آسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے فزیو نے اتوار کو نسیم شاہ سے پانچ اوورز کرائے تھے انہوں نے بغیر کسی تکلیف کے بولنگ کی۔ تاہم ٹیم انتظامیہ پی سی بی میڈیکل پینل کی تجویز کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ کوئٹہ کے منیجر اعظم خان نے پیر کو نمائندہ جنگ کو بتایا کہ نسیم شاہ کی فٹنس کے حوالے سے خدشات بے بنیاد ہیں۔ وہ نیٹ پر مسلسل بولنگ کررہے ہیں۔ پریکٹس میچ میں انہیں جان بوجھ کر آرام دیا گیا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کے آخری دن نسیم شاہ کوجان بوجھ کر بولنگ نہیں کرائی تھی۔ وہ ٹورنامنٹ میں بولنگ کرانے کے لئے فٹ ہیں۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کر کے کم عمر ترین بولر کا اعزاز پانے والے نسیم شاہ سے میچ کے اختتام پر رمیز راجہ نے فٹنس سے متعلق سوال کیا تو بولر نے بتایا کہ معمولی انجری ہے ایک دو دن میں ٹھیک ہو جائے گی۔

تازہ ترین