قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق کپتان وقار یونس کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں سنگاکارا نے پاکستان آکر حقیقی دوست ہونے کا ثبوت دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے کپتان کمار سنگاکارا کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’حقیقی دوستی مشکل وقت میں دکھائی دیتی ہے۔‘
وقار یونس نے کمار سنگاکارا کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے یہ ثابت کردیا کہ آپ ناصرف ایک اچھے کرکٹر ہیں بلکہ ایک عظیم انسان بھی ہیں۔
انہوں نے پاکستان کا دورہ کرنے والے سنگاکارا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے ہمارے دلوں میں ایک خاص مقام حاصل کرلیا ہے۔
اپنے ایک پیغام میں کپتان ایم سی سی کمار سنگا کارا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگ اور یہاں کے کھانے ہمیشہ اچھے لگے اسی وجہ سے یہاں آ کر خوشی ہوئی ہے، 2009ء کےواقعے سے متاثر کھلاڑی بھی یہاں آنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ 3 مارچ 2009 کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم سے کچھ دور لبرٹی چوک پر اس بس پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جو سری لنکن کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم لے جا رہی تھی، واقعے میں سری لنکا کے سات کھلاڑی زخمی جبکہ چھ سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔