• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنسی استحصال کے ہرجانوں سے بچنے کیلئے امریکی تنظیم کی دیوالیہ کی درخواست

واشنگٹن(آئی این پی)نوجوانوں کو تربیت دینے والی امریکا کی قدیم ترین اور بڑی تنظیموں میں سے ایک بوائے اسکائوٹس آف امریکا ((بی ایس اے)نے جنسی استحصال کے ہزاروں ہرجانوں سے بچنے کے لیے عدالت میں خود کو دیوالیہ قرار دینے کے لیے درخواست دائر کردی۔بوائے اسکاٹس آف امریکا تقریبا 110 سال پرانی تنظیم ہے، اسے 1910 میں نوجوانوں اور طالب علموں کو تربیت دینے کے لیے بنایا گیا تھا۔مذکورہ تنظیم کو چرچز کے بعد نوجوانوں کو انسانی خدمات سمیت دیگر پروفیشنل تربیت دینے والی سب سے بڑی تنظیم کا اعزاز بھی حاصل ہے۔بوائے اسکاٹس آف امریکا کی برانچیں تقریبا امریکا کی تمام ہی 50 ریاستوں میں موجود ہیں جب کہ کئی ریاستوں میں اس تنظیم کے ایک سے زائد کوارٹر بھی ہیں۔اس تنظیم کو نوجوانوں کو تربیت دینے اور انہیں سماجی بھلائی کے لیے بہترین انسان بنانے کے حوالے سے اہم حیثیت حاصل رہی ہے اور ایک زمانے میں اس تنظیم کی سالانہ ممبر شپ 40 لاکھ تک بھی ہوتی تھی۔تاہم تنظیم پر گزشتہ ایک دہائی سے جنسی ہراسانی اور نوجوان اسکاٹس کو جنسی استحصال کا نشانہ بنائے جانے کے الزامات کی وجہ سے کافی دبائو ہے۔نوجوان اسکاٹس کے جنسی استحصال کے الزامات کی وجہ سے بوائے اسکاٹس آف امریکا نے اب تک درجنوں کیسز میں متاثرین کو بھاری ہرجانے بھی ادا کیے ہیں جب کہ اس وقت بھی تنظیم پر امریکا بھر کے افراد نے ہزاروں ہرجانے کے دعوے دائر کر رکھے ہیں۔تنظیم پر تقریبا 10 ہزار سے زائد جنسی استحصال کے ہرجانوں کے بعد تنظیم نے عدالت میں خود کو دیوالیہ قرار دلیانے کے لیے درخواست دائر کردی۔
تازہ ترین