• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی سفیرکاروشن پاکستان اکیڈمی کراچی کادورہ، بچوں سے ملاقات

سید منہاج الرب.....اسٹاف رپورٹر......پاکستان میں متعین امریکی سفیر پال جونز نے بدھ کو کراچی میں قائم روشن پاکستان اکیڈمی کا اچانک دورہ کیا اور اسکول کے 200 بچوں سے ملاقات کی۔

امریکی وفد میں کراچی میں متعین قونصل جنرل رابرٹ سلبسرٹین بھی شامل تھے اور انہوں نے اسکول کا دورہ کرکے طلبا و طالبات سے بات چیت کرنے کے ساتھ اسکول کے کمیونٹی کی شراکت سے چلنے والے تعلیمی ماڈل کے متعلق معلومات حاصل کی۔

اسکول کی بانی اور امریکی حکومت کے تعاون سے منعقدہ ایمرجنگ لیڈرز آف پاکستان 2013 کی المنا، حمیرہ بچل اور اکیڈمی کے ڈائریکٹر محمد الیاس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سفیر پال جونز نے کہا کہ، "روشن پاکستان اکیڈمی کے قابل اور جذبے سے سرشار طلبا و طالبات کو دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستانی نوجوان ملک کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں استعمال میں لاکر خوشحالی اور ترقی حاصل کی جاسکتی ہے۔"

امریکی حکومت ہر سال حمیرہ بچل کی طرح 800 سے زائد پاکستانیوں کو اپنےاخراجات پر ایکسچینج پروگرامز کے تحت امریکا بھیجتی ہے، جو وہاں جاکر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کام کرنے کا تجربہ حاصل کرکے واپس پاکستان آکر ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرتے ہیں۔

روشن پاکستان اکیڈمی ایک غیرمنافع بخش سماجی تنظیم ہے جو کہ حب (بلوچستان) اور گلشن مزدور، کراچی (سندھ) کے پسماندہ خاندانوں کے بچوں کو تعلیم فراہم کررہی ہے۔ اس اسکول کی بنیاد حمیرہ بچل نے 2016 میں ڈالی جس کا مقصد تعلیم، خواندگی اور طلبا و طالبا ت کو پیشہ ورانہ شعبہ جات کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

تازہ ترین