راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی رنگ روڈ مجوزہ منصوبے کیلئے رنگ روڈ اتھارٹی کے قیام، بنک کے ذریعے مکمل کرنے یا پھر ایف ڈبلیو او کے ذریعے مکمل کروانے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ اس منصوبے کو سی اینڈ ڈبلیو کے سپرد کرنے کا بھی آپشن ہے تاہم کمشنر راولپنڈی ڈویژن ہی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر رہینگے۔ موجودہ وقت میں یہ منصوبہ آرڈی اے کے ماتحت ہے ۔مصدقہ ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں میں یہ فیصلہ ہو جائے گا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ آرڈی اے کے ہی پاس رہے گا یا پھر کوئی اور ادارہ کرے گا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت آج ہفتہ کو منصوبہ کی ریویو میٹنگ ہو گی جس میں ڈی جی آرڈی اے ، کنسلٹنٹ کمپنی زیرک ، ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ اور لینڈ ایکوزیشن کلکٹر شریک ہونگے۔