• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، چین میں پاکستانی طلبہ کا معاملہ وفاقی کابینہ میں لانے کا حکم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کروناوائر س کی وجہ سے چین میں پھنس جانے والے پاکستانی طلبا کی وطن واپسی سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر اجلاس کی کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے کہا کہ والدین اور بچوں کے تحفظات کےحل کیلئےمیکنزم بنایا جائے،اس کیلئے اعلیٰ سطح پر کوششیں کریں،چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے ہفتہ کے روز متاثرہ طلباء کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی تو ڈی جی دفتر خارجہ مدثر ٹیپو،وزارت صحت کا نمائندہ اور والدین اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ،جہاں عدالت کو بتایا گیا کہ اس وقت 13 سو پاکستانی چین میں ہیں۔

فاضل چیف جسٹس نے کہاکہ ووہان سے نکال کر چین کے دیگر صوبوں میں پاکستانی طلبہ کو شفٹ کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے، طالبعلموں کے ساتھ ان کے والدین کے رابطے کا فقدان بھی اہم مسئلہ ہے،ڈی جی دفتر خار جہ نے کہاکہ ہم نے ٹیلی فون پر بہت سی کالز موصول کی ہیں ٹیلی فون کی دو لائنیں ایک ماہ سے ایکٹو ہیں۔

والدین کے وکیل نے کہاکہ بچوں کا کھانے پینے کا شدید مسئلہ ہے، وزارت خارجہ کے لوگ گئے ہیں لیکن وہ سب طلبہ سے نہیں ملے۔انہوں نے بتایاکہ اسلام آباد میں والدین کی حکومتی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ ہوئی تو والدین کو کہا گیا کہ طالب علموں کو واپس نہیں لا سکتے ۔

انہوں نے طلبہ کو ووہان سے نکال کر کم از کم چین کے دیگر صوبوں میں منتقل کر نے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی۔

تازہ ترین