لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اگر نیب آرڈیننس مل کر بنا سکتی ہے تو عمران خان کیلئےبھی گنجائش نکال سکتی ہے،اگر مولانا فضل الرحمٰن دھرنا دینے آئے تو دھر لئے جائیں گے،بلاول کی نظر کیا خراب ہو گی انہیں اپنا صدقہ دیتے رہنا چاہئے، مہنگائی ہماری اپوزیشن اور سوکن ہے، ایم کیو ایم شریف پارٹی ہے،مریم کے باہر جانے کے راستے میں کابینہ رکاوٹ ہے، اگر باہر گئی تو میرے دوست شہباز شریف کو اپنی سیاست کے بارے میں سوچنا ہو گا ،کرپشن کے خلاف عمران خان بڑی محنت اور کوشش کررہےہیں مگر انکی پارٹی میں کرپشن کے خلاف بہت زبر دست مزاحمت ہے۔ ایم کیو ایم شریف پارٹی ہے وہ ہمارے ساتھ ہے ہمارا صرف ایک مخالف ہے اور وہ ہے فضل الرحمٰن ۔اگر مولانا فضل الرحمٰن دھرنا دینے آئے تو دھر لیے جائیں گے ویسے آئے تو انکی سموسوں اور پکوڑوں سے تواضع کی جائے گی۔ مہنگائی ہماری اپوزیشن اور سوکن ہے اگر ہم نے مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا تو لوگ ہمارے رشتے دار نہیں ہیں۔ مہنگائی کے خلاف جنگ لڑنا پڑیگی ۔بلاول کی نظر کیا خراب ہو گی انہیں اپنا صدقہ دیتے رہنا چاہئے۔پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کوئی لڑائی نہیں کریں گی بس ٹی وی پروگرام کریں گی،دیگر وزارتوں کی طرح ریلوے پنشنرز کو پنشن دینے کے لئے کابینہ نے میری درخواست مان لی ہے اور اس پر کمیٹی بنا لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کوئی لڑائی نہیں کرے گی یہ بس ٹی وی پروگرام کریں گی اور میڈیا میڈیا کھیلیں گی۔ اگر پیپلز پارٹی نیب آرڈیننس مل کر بنا سکتی ہے تو عمران خان کیلئےبھی گنجائش نکال سکتی ہے۔مریم کے راستے میں صرف کابینہ رکاوٹ ہے، کابینہ نے کہا ہے کہ مریم کو باہر نہیں جانے دینا،مریم اگر باہر گئی تو میرے دوست شہباز شریف کو اپنی سیاست کے حوالے سے سوچنا ہو گا۔ نواز شریف کو اتنے مہینے ہو گئے ہیں باہر گئے ہوئے لیکن ابھی تک عملی کام کوئی بھی نہیں ہوا ۔بلاول سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشیدنے کہا کہ بلاول کی نظر کیا خراب ہو گی اس کو تو اپنا صدقہ دیتے رہنا چاہیے۔ آٹے کا کوئی بحران نہیں تھا، یہ ہمارے خلاف سازش تھی، چینی کا بحران اصل بحران ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ کراچی سرکلرریلوے پر جس طرح سپریم کورٹ نے حکم دیاہے اُس پر بھی حکم کی تعمیل کرنے جارہے ہیں۔ چائنیز ایمبیسڈر کے ساتھ پیر کو میری میٹنگ ہے اور کراچی کے ٹریفک کا لوڈ بھی ہم کراچی سرکلرریلوے پر شفٹ کریں گے۔