• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رکاوٹیں، طویل جدوجہد، نہرخیام کو خوبصورت بنانے کے منصوبے پر کام شروع

نہرخیام کو خوبصورت بنانے کے منصوبے پر کام شروع


کراچی(طاہرعزیز/ اسٹاف رپورٹر) بے تحاشا رکاوٹوں اور طویل جدوجہد کے بعد کراچی کے علاقے کلفٹن میں سمندر کو ملانے والی نہرخیام کو خوبصورت بنانے کے منصوبے پر کام کا آغاز ہوگیا ۔مقامی این جی او پانی (پیپل اینڈنیچرانشیٹو)اور حکومت سندھ کے تعاون سے اتوار کو نہر کے کنارے شجر کاری کے دوران170 درخت لگائے گئے ،اس موقع پر بوٹ بیسن پر منعقدہ تقریب میں وزیر اطلاعات وبلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ ، مشیرقانون مرتضیٰ وہاب ، میئرکراچی وسیم اختر، رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ شہزادمیمن، سیکریٹری محکمہ بلدیات روشن شیخ، کمشنرکراچی افتخار شالوانی ، میونسپل کمشنرکے ایم سی ڈاکٹرسیف الرحمن ، سابق وفاقی سیکریٹری سلیم عباسی جیلانی، وائس ایڈمرل ریٹائرڈ سیدعارف اللہ حسینی، پانی کے صدر جمیل یوسف، نائب صدر یاور جیلانی، سیکریٹری جنرل شاہدعبداللہ، عقیل بلگرامی سمیت حاضر وریٹائرڈ بیوروکریٹس ، علاقہ مکین قریبی اسکول کے طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی ۔وزیراطلاعات وبلدیات سیدناصرحسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج کا دن اس لیے پڑا ہے کہ ہم نہرخیام پروجیکٹ شروع کرنے جارہے ہیں میئر کراچی، مشیرقانون نے بہت محنت کی ،وزیراعلیٰ اس منصوبے کو اپنا سمجھتے ہیں، سندھ حکومت مکمل ساتھ ہے، ہم کراچی میں لیاری، ملیرندی کے ساتھ جنگلات قائم کر رہے ہیں جو ملک کا سب سے بڑااربن فاریسٹ ہوگا اس کے علاوہ مزید کافی پروجیکٹ ہیں ،مشیرقانون بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہاکہ حکومت سندھ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہے ان کے مسائل کو حل کرنے میں پیچھے نہیں رہے گی شہری مل کر چلیں گے تو کراچی کی ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا، نہر خیام کا منصوبہ حکومت کے پاس جیسے ہی آیا اس نے فوری منظوری دی تاکہ شہر کا ماحول بہتر ہو ،میئرکراچی وسیم اختر نے اپنے خطاب میں کہامیرا یہ خواب تھا جوآج سچ ہونے جارہا ہے یہاں سانس لینا مشکل تھا، یہاں کے رہائشیوں کو بہت زیادہ مشکل ہورہی تھی میں نہر پر آکر کھڑا ہوگیا اور اسے صاف کرانا شروع کردیا ،یہاں تجاوزات بہت زیادہ تھیں، میرے خلاف بھی پروپیگنڈا کیا گیا کہ میں قبضہ کرنا چاہتاہوں مگر ہمت نہ ہاری اس پروجیکٹ کو یہاں تک پہنچنے میں 3 سال لگے ،یہ کراچی کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے، گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں میئرنے حکومت سندھ کی توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ فیریئرہال کے پروجیکٹ میں ہیرٹیج ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مشکلات آرہی ہیں، اسے حل کرائیں،انہوں نے مزید کہاکہ کڈنی ہل پارک، جھیل پارک، باغ ابن قاسم پارک سمیت متعدد پارک ڈیولپ کردیئے ہیں صرف کڈنی ہل پارک میں 33 ہزار درخت لگائے ہیں این جی او پانی کے صدر جمیل یوسف نے کہاکہ نہر خیام پارک کی تعمیر میں پاکستان کے تمام ادارے دلچسپی لے رہے ہیں آج لوگوں نے شرکت کرکے ملک سے محبت کا اظہار کیا ہے آرکیٹیک شاہد عبداللہ اور عقیل بلگرامی نے منصوبے کی تفصیلات سے شہریوں کو آگاہ کیا جس کے مطابق نہر خیام میں آنے والے سیوریج کو ٹریٹ کرکے صاف بنایا جائے گا نہر کے دونوں کناروںپر مزید درخت اور بیوٹیفکیشن کے کام انجام دئے جائیں گے، نہر پار کرنے کے لیے پل بھی تعمیر ہوں گے ،منصوبے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک ارب روپے ہے اور اسے تین سال میں مکمل کیا جائے گا ،فنڈز کابندوبست شہریوں اور پرائیویٹ اداروں کے تعاون سے کیا جائے گا بعض ازاں تقریب کے شرکاء نے پودے لگائے اور انہیں پانی دیا۔

تازہ ترین