پاکستان کی معروف اداکارہ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی برانڈ ایمبیسیڈر مایا علی نے کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی فتح پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مایا علی نے پی ایس ایل فائیو کے چھٹے مقابلے کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لی گئیں تصویریں اور وہاں موجود کرکٹ شائقین کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تفصیلی پیغام شیئر کیا۔
مایا علی نے میچ جیتنے پر اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ بعض اوقات اتنے زیادہ ہجوم کے سامنےایک دباؤ میں کھیلنا آسان نہیں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے اس چیز کا احساس بھی نہیں تھا لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی برانڈ ایمبیسیڈر ہونے کی حیثیت سے میں یہ محسوس کرسکتی ہوں کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا میچ سنسنی خیز تھا، لیکن کوئٹہ کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے اس نے یہ کر دکھایا ۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اس چیز کو شامل کرنا ضروری سمجھا کہ پی ایس ایل کے دوران جو چیز ان کے مشاہدے میں آئی کہ سب لوگ چاہے اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کریں مگر بحیثیت قوم ہم ایک ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ اسٹیڈیم میں ’پاکستان زندہ آباد ‘ کے نعرے لگاتے ہوئے وہ بہت زیادہ جذباتی ہورہی تھیں اور اسی لمحے انہیں پاکستانی ہونے پر بھی فخر محسو س ہورہا تھا۔
اس سے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں مایا علی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں موجود تمام شائقینِ کرکٹ میں سب سے زیادہ خوش وہ خود تھیں۔