• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعظم، سرفراز پھر مرد میدان بن گئے، گلیڈی ایٹرز نے کنگز کو شکست دے دی

اعظم، سرفراز پھر مرد میدان بن گئے، گلیڈی ایٹرز نے کنگز کو شکست دے دی


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بلے باز اعظم خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے تھے۔

ہوم ٹیم کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا، تاہم تمام کھلاڑیوں کی اوسط بیٹنگ کے باوجود کراچی کنگز کی ٹیم 150 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئی۔

ایلکس ہیلز 29، بابر اعظم 26، افتخار احمد 25 اور کیمرون ڈیلپورٹ 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ٹائمل ملز نے 2 جبکہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن اور جیسن رائے نے اچھا آغاز فراہم کیا۔

41 کے مجموعے پر شین واٹسن آؤٹ ہوئے تو جیسن رائے بھی 54 اور احمد شہزاد 55 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

تین وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور نوجوان اعظم خان نے ٹیم کو سیزن کی دوسری کامیابی کی جانب بڑھایا۔

اعظم خان نے 46 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ سرفراز احمد 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ سنسنی خیز لمحات میں داخل ہوا تو 19ویں اوور کی آخری گیند پر آل راؤنڈر انور علی نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوادی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم اور کرس جورڈن ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے جبکہ کوئٹہ کے دیگر 3 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

تازہ ترین