• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرکول سے 1 لاکھ میگاواٹ بجلی 300 سال تک بنائی جا سکتی ہے، چیف سیکریٹری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ کورنگی اکنامک زون، بن قاسم اکنامک زون اور خیرپور اکنامک زون کے بعد اب دھابیجی اسپیشل اکنامک زون بنا رہے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 3 مزید اکنامک زون ناوینا، بولاری اور نوشہرو فیروز میں بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔سندھ قدرتی وسائل سے مالامال ہے یہاں سرمایاکاری کے بیحد مواقع ہیں۔ تھرکول پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کامیاب منصوبہ ہے جس سے 660 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہورہی ہے۔ تھرکول سے 1 لاکھ میگاواٹ بجلی 300 سالوں تک بنائی جا سکتی ہے یہ باتیں انھوںنے ایڈوانس ڈپلومیٹک کورس کے 33 رکنی وفد کو ملاقات کے دوران بتائیں۔ وفد میں افغانستان، جنوبی افریقہ، عراق، بحرین، مراکش، نیپال , فلسطین، سوڈان، یوکرین، یمن، زمبیا، مالدیپ اور سری لنکا سمیت 33 ممالک کے زیر تربیت سفیر شامل تھے۔ ممتاز علی شاہ نے وفد کو بتایا کہ تھر کول کے علاؤہ سندھ کے ونڈ کوریڈور سے 50 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف دوسال کے قلیل عرصہ کے دوران ہوا سے بجلی کی پیداوار میں 1200 میگا واٹ اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین