• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر تعلیم کی ملاقات میں یکساں نظام تعلیم پر تبادلہ خیال


وزیراعلیٰ سندھ سے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی ملاقات ہوئی، جس میں وفاقی وزارتِ تعلیم کی جانب سے پورے پاکستان میں تیار کردہ یکساں نصابِ تعلیم متعارف کروانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد اسکول کے نصاب کو ڈیزائن کرنا صوبائی سبجیکٹ ہوگیا ہے لیکن وفاقی وزیر تعلیم نے اس مقصد کے ساتھ ہی ایک قدم اٹھایا ہے کہ پورے پاکستان میں یکساں نصاب متعارف کروایا جاسکے۔

مراد علی شاہ نے شفقت محمود کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت اس منصوبے کی حمایت کرے گی۔ وزارت تعلیم کے ذریعہ تیار کردہ نصاب پورے پاکستان کے تمام سرکاری، نجی اور انگریزی میڈیم اسکولوں میں پڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے وزیرِاعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انہوں نے مدرسوں کی رجسٹریشن کے لیے وفاقی مدارس اور دیگر متعلقہ علماء کرام کو اعتماد میں لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعلیمی منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے متعلقہ کمشنرز کے ماتحت ڈویژنل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

وفاقی وزیرِ تعلیم نے کہا کہ علمائے کرام حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے مدارس کے لوگ امن کے فروغ اور مذہبی نصاب کے ساتھ باضابطہ تعلیم کو متعارف کرانے میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم نے صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی کے ساتھ پورے پاکستان میں یکساں نصاب متعارف کروانے سے متعلق تفصیلی ملاقات کی تھی۔

تازہ ترین