لاہور(خبرنگارخصوصی )عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع لاہور کے مبلغ مولانا عبدالنعیم،نائب امیر پیرمیاں محمد ضوان نفیس، سیکرٹری جنرل لاہور مولانا علیم الدین شاکر،نائب امیر مولانا سید ضیاء الحسن شاہ، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا عبدالشکوریوسف، مولانا محبوب الحسن طاہر، مولانا عبدالعزیزنے کہا ہے کہ دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام مودی حکومت کا ناقابل معافی جرم ہے بھارتی حکومت کو دلی میں مسلمانوں کے قتل عام اور مساجد کی بے حرمتی کرنے کا جواب عالمی برادری کو دینا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار علماء کرام نے ختم نبوت اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی دنیا کے بد ترین حکمرانوں میں ظالم ترین اور بد ترین حکمران ہے‘ مودی کے ظلم وستم کی سیاہ رات جلد ختم ہونے والی ہے بھارت میں سٹیزن شپ ترمیم ایکٹ سی اے اے کے خلاف مسلسل احتجاج اور ہنگامے ہورہے ہیں اورپچاس سے زائد لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ نریندرمودی کے فاشسٹ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں اسی لاکھ انسانوں کا عرصہ حیات تنگ ہے اور بھارت میں تیس کروڑ سے زائد مسلمان ہندو دہشتگردی کا شکار ہیں المیہ ہے کہ عالمی برادری عالم اسلام اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کوئی اقدام نہیں کررہیں۔آر ایس ایس کے دہشتگرد کھلے عام نعرے لگا رہے ہیں کہ مسلمان ہمارے دشمن ہیں۔عالمی برادری اور ادارے انصاف کا راستہ اختیار کرکے بھارتی فاشسٹ حکمران کو ظلم سے روکے۔