• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس دنیا کے تمام براعظموں تک پہنچ گیا، ہلاکتیں 3 ہزار ہوگئیں،چین، جنوبی کوریا،ایران اوراٹلی میں مزید سیکڑوں کیسز رپورٹ

کورونا وائرس دنیا کے تمام براعظموں تک پہنچ گیا


کراچی، پیرس (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) چین سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم دنیا کے تمام براعظموں میںپہنچ گئی ہے،دنیا بھر میں ہلاکتیں تین ہزار کے قریب پہنچ گئی ہیں جبکہ 66 ممالک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 88 ہزار 257 ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 ہزار 338 نئے کیسز سامنے آئے ہیں چین میں اب تک کورونا وائرس کے 79 ہزار 824 کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 2 ہزار 870 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں،تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میںکورونا سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے،فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز ی چین میں کورونا کے 573 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی طرح چین کے علاوہ دیگر ممالک میں کورونا کے 8 ہزار433 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ چین کے علاوہ دیگر ممالک میںہلاکتوں کی تعداد 126 ہوگئی ہے۔گزشتہ روز چین کے علاوہ سب سے متاثرہ ملک جنوبی کوریا ہے جہاں 586 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 736 ہوگئی ہے، جنوبی کوریا میں اب تک کورونا سے 18 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں، جنوبی کوریا میں گرجاگھروں کو بھی کورونا وائرس کے پیش نظر بند کردیا گیا ہے، اسی طرح اٹلی میں 566 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 694 ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 34 ہوگئی ہے، امریکی ایئرلائنز نے نیویارک اور میامی سے اٹلی کے شہر میلان جانے والی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے ، ایران میں 385 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 978 ہوگئی ہے جبکہ ایران میں کورونا سے ہلاکتیں 54 ہوگئی ہیں، جاپان میں کورونا کے مزید 9 کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 239 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 12 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں، اسی طرح جاپان کے شہر یوکوہاما کے ساحل کے قریب لنگر انداز ڈائمنڈ پرنسس نامی کروز شپ میں کورونا کے 700 سے زائد نئے کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں، جرمنی میں کورونا کے 60سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 129ہوگئی ہے ،جرمن حکام کے مطابق جرمنی کی 16ریاستوں میں سے 9میں کورونا وائرس پہنچ گیا ہے ، تھائی لینڈ نے بھی کورونا وائرس کی وجہ سے اپنے ہاں پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، قبل ازیں مشرق بعید کے جن ممالک میں چین کے علاوہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، ان میں جنوبی کوریا، جاپان، تائیوان اور فلپائن شامل ہیں، چیک ریپبلک نے بھی اپنے ہاں کورونا کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے ، قطر میں کورونا کے مزید دو نئے کیسز کی تصدیق کردی گئی ہے ، قطر نے مصر سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی ہے ، جمہوریہ ڈومینک میں بھی کورونا کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے ، عراق اور بحرین میں کورونا کے 6،6نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، عراق اور بحرین میں سامنے آنے والے تمام افراد حال ہی میں ایران سے واپس آئے تھے ،نائیجیریا میں 100کے قریب افراد میں کورونا وائرس کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ، یہ تمام افراد اٹلی کے ایک شخص سےر ابطے میں رہے ہیں جو کورونا میں مبتلا ہوچکا ہے ، لبنان میں کورونا کے 3نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، دریں اثناء پیرس کے لوری میوزیم کو کورونا وائرس کے باعث بند کردیا گیا ہے ، کورونا وائرس سے خلیجی ممالک کی اسٹاک ایکسچینج کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے ، تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے بعد خلیجی ممالک کا اسٹاک تنزلی کا شکار رہا ،تھائی لینڈ میں کورونا سے پہلی موت کی تصدیق کردی گئی ہے ، تھائی حکام کے مطابق 35سالہ شخص ڈینگی کا بھی شکار ہوا تھا ، ارمینیا میں بھی کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا ہے، کورونا سے متاثرہ شخص کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ بھی حال ہی میں ایران سے واپس آیا تھا ، آسٹریلیا میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 26ہوگئی ہے ، آسٹریلیا میں بھی کورونا سے پہلی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

تازہ ترین