• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی 25 سال پر مبنی طویل المدتی پالیسیاں بنانے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان نے 25 سال تک کی طویل المدتی پالیسی بنانے،  بجلی چوری کے رجحان کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنے اور غذائی اشیاء کی کم قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر وزیراعظم کی جانب سے غذائی اشیاء کی کم قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فردوس عاشق  اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جبکہ کابینہ نے یقین دلایا کہ عوام دوست پالیسیوں سے بہتری آرہی ہے۔

وزیراعظم نے اسکولوں میں بچوں کو جسمانی سزا کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے وزارت انسانی حقوق کو قانون سازی کی ہدایت کی ہے۔

معاون خصوصی  نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت توانائی کی کارکردگی کو بھی سراہا، تاہم اس دوران کابینہ ارکان نے بجلی کے بلوں اور مہنگی بجلی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے باعث معاشی اشاریوں میں بہتری آرہی ہے، اسد عمر نے ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے کابینہ کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کم کرنا وزیراعظم کی ترجیح ہے، اداروں کی بہتری سے عوامی زندگیاں بہتر ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرعظم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کرنے والوں کی سرکوبی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے ٹیرف اور اووربلنگ سے متعلق عمر ایوب نے بریفنگ دی، تاہم بجلی چوری کے رجحان کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کی ہدایت دی گئی۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو ٹاسک سونپ دیا۔

وزیراعظم  کی معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر کوئی لائحہ عمل طے کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان  نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر توانائی عمر ایوب کی صلاحتیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئندہ 25 سال کی پالسیی بنانے کی ہدایت دے دی ہے اور کہا ہے کہ قلیل مدتی کے ساتھ ساتھ طویل مدتی پالیسیاں بھی بنائی جائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے غریبوں پر ایف آئی آر اور بڑے چوروں کو چھوڑنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

تازہ ترین