لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے عورت مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفت کرنے والے پرانی دنیا میں رہتے ہیں لیکن ان کا دور ختم ہوگیا‘اب عورت مارچ بھی کرے گی‘ ڈاکٹر بھی بنے گی ،فوج میںبھی جائے گی‘وزیراعظم بھی بنے گی ‘کوئی مولانا ‘سیاستدان یا اینکر عورت مارچ کا راستہ نہیں روک سکتا۔
بھٹو شہید نے آئین بنا کر عورتوں کو حق دیا ‘ہم کسی سے بھیک نہیں آئین میں دیئے گئے حقوق مانگ رہے ہیں ‘وفاق اور صوبائی حکومتیں عورتوں کو دھمکیاں دینے والوں کو پکڑیں اوران پر مقدمہ کریں‘اب ہم کٹھ پتلیوں کو بھگائیں گے‘نوازشریف اور عمران خان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایوان اقبال میں منعقدہ خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو معیشت سمیت ہر شعبے میں50فیصدحق ملنا چاہیے‘ میاں صاحب کی حکومت ہو یا عمران خان کی انہوں نے بینظیر کا نام مٹانے کا ہی سوچا ،کسی نے نہیں سوچا کہ نام ہٹانے کے بجائے اپنا انقلابی پروگرام لائیں‘(ن)لیگ نے وسیلہ صحت کو وزیر اعظم صحت کارڈ اور عمران خان نے صحت انصاف کارڈ بنا دیا‘اگر ملک میں غربت مٹانے کیلئے کوئی کام ہو رہا ہے تو وہ سندھ میں ہو رہا ہے ۔
جو جمعہ کے خطبہ میں فتوی دیتے تھے کہ محترمہ کو ووٹ دینے سے نکاح ٹوٹ جائے گا آج وہی جماعت کہتی ہے کہ ہماری لیڈر عورت ہو گی ‘آج جو کہتے ہیں عورت مارچ نہیں ہوگا تو سن لوعورت مارچ تو ہوگا‘جو خواتین کے حقوق کی مخالفت کرتے ہیں ان سے کہتے ہیں بہت ہو گیا بس کرو ،آپ چھوڑ دیں آپ کا زمانہ ختم ہو گیا۔
اب نیا زمانہ آگیا ہے ،اگر سیاست کرتے ہیں تو سیاست چھوڑ دیں ،اگر آپ میڈیا میں ہو تو میڈیا کوچھوڑ دو ،آپ کے پرانی سوچ والا دور ختم ہو گیا ، اب نئی قیادت نئی نسل کا دور ہے۔