• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جولیا رابرٹس کو کون نہیں جانتا، ہر کوئی ان سےملنا چاہتاہے۔ اگر آپ بھی ان کے پرستاروں میں سے ایک ہیں تو آپ نہ صرف ان سے ملاقات کرسکتے ہیں بلکہ ان کے ملیبو میں واقع گھر کو 10ہزار ڈالر ماہانہ کرائے پر بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ لیکن اس سے کم کرائے پر 1620اسکوائر فٹ رقبے والا تین بیڈروم اور دو باتھ روم پر مشتمل کیلی فورنیا کا رینچ ہائوس مل جاتاہے۔

تاہم اس گھر کا کرایہ اتنا زیادہ ہونےکی وجہ شاید صرف یہی ہے کہ یہ پریٹی وومن جولیا رابرٹس کی ملکیت ہے، حالانکہ یہاں نہ سوئمنگ پول ہے اور نہ ہی سمندر کے نظارے، البتہ اس گھر میں پرائیویسی کا بہت خیال رکھا گیا ہے اور ممکن ہے اس کے زائد کرائے کی وجہ یہی ہو۔ یہ گھر روشن اور ہوا دار ہے۔ سفید ی سے اٹی دیواروں اوربڑی بڑی کھڑکیوں کے ساتھ یہ گھر چاروں اطراف سے پودوں اور درختوں سے گھرا ہوا ہے اور بہت ہی خوبصورت نظارہ پیش کرتا ہے۔ آپ اس گھر میں رہیں گے تو آپ کو احساس ہو گا جیسے کہ آپ فطرت کی آغوش میں رہ رہے ہیں۔ یہ گھر ساحل سمندر سے نزدیک ہے، یعنی آپ بآسانی ملیبو کے قدیم رویرا ساحل بیچ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، جو کمیونٹی کے رہائشیوں کے لئے مختص ہے۔ جولیا رابرٹس کے گھر میں باتھ روم اور کچن بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کچن آئی لینڈ اسٹائل کا بنا ہوا ہے جو کہ رات کے کھانے یا دعوت کے لوازمات کی تیار ی کے حوالے سے موزوں ہے۔ دریں اثنا، تمام باتھ روم جیومیٹرک ٹائلز سے سجے ہوئے ہیں۔

جولیا نے یہ گھر سرمایہ کاری کے نقطۂ نظر سے گزشتہ سال جون میں خریدا تھا۔ جب وہ اس گھر کو خریدنے جارہی تھی تو52سال میں پہلی بار اس گھر کی قیمت مارکیٹ میں لگی تھی۔ اس گھر کی مارکیٹ قیمت44لاکھ50ہزار ڈالر تھی، لیکن جولیا نے اسے 39لاکھ ڈالر میں خریدا اور اچھے خاصے پیسے بچا لیے۔ یہ پیسے انھوںنے گھر کی تزئین و آرائش میں لگادیے تاکہ وہ اس سرمایہ کاری کو منافع کے ساتھ واپس حاصل کرسکیں۔ جولیا نے نہ صرف اس کے انٹیریئر کو اَپ ڈیٹ کیا بلکہ ایک خشک زمین کو سبزے میں بھی بدل دیا۔ تزئین و آرائش کا کام مکمل ہونے کے بعد انھوں نے یہ گھر کرائے پر دینے کا ارادہ کیا۔

جولیا رابرٹس جانتی ہیں کہ وہ کیا کر رہی ہیں، ان کی جائیداد کا پورٹ فولیو کافی گہرا ہے۔ ان کے ملیبو میں دو مزید گھر ہیں، ایک سمندر کے سامنے جو انھوں نے2003ءمیں خریدا تھا اور دوسرا سڑک کے پار، جو انھوں نے2015ء میں خریدا تھا۔ اب جب وہ انسٹاگرام پر ہیں تو وہ اپنی اگلی غیر منقولہ جائیدادکا منصوبہ شیئر نہیں کریں گی۔ البتہ اگر کوئی ان کا کرایہ دار بننا چاہتا ہے تو اسے اس کے لئے درخواست دینا ہوگی۔

جولیا رابرٹس گھر خریدنے اور بیچنے کی سرگرمیوں میں خوش رہتی ہیں۔ اسی لئے جولیا اور ان کے شوہر میتھیو موڈر نے نہ چاہتے ہوئے بھی ایک اور گھر68لاکھ40ہزار ڈالر میں خرید لیا۔ پوائنٹ ڈیوم (Point Dume) کے نام سے معروف یہ48سال پرانا مینشن جولیا کی ملکیت ہے۔ یہ ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں ہر کوئی اپنا گھر خریدنے کے خواب دیکھتاہے۔1950ء کی دہائی کی یاد دلاتے1.16ایکڑ پر مشتمل اس گھر میں تین بیڈروم اور دو باتھ روم ہیں۔ تاہم، جولیا نے اپنے اس گھر کی مزید تزئین و آرائش کرنے کے منصوبے بنائے ہوئے ہیں۔ اس گھر میں ایک لیونگ روم ہے، جس کی چھت پر باہر نکلے ہوئے بیم نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔یہاں ایک آتش دان بھی بنا ہوا ہےجبکہ فرش اصل لکڑی سے بنایا گیا ہے۔

اس گھر میں ایک خوبصورت گرائونڈ بھی ہے، جس میں گاڑی چلانے کے لیے بیضوی ڈرائیو(Oval Drive)ہے اور سامنے گاڑیاں کھڑی کرنے کا گیراج بنا ہوا ہے۔ اس گرائونڈ کو چاروں طرف سے درختوں نے گھیر رکھا ہے۔ یہاں آپ کو ویجیٹیبل گارڈن اور چھوٹا سا پھلوں کا باغ بھی نظر آئے گا، جہاں جولیا اور اس کے مہمان مزےسے وقت گزارتے ہیں۔ گھر کے عقب میں پتھروں کی ٹائلز سے بنا ایک ٹیرس ہے، جہاںسے لان کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ اس ٹیرس سے نکلی ہوئی لیونڈر کی بیلیںباغ تک چلی جاتی ہیں۔

ایک خبر کے مطابق جولیا رابرٹس نے جزیرہ ہوائی کے ساحلی مقام کوائی کے ’ہنالےبے‘ پر واقع3800مربع فٹ پر مشتمل اپنا گھر16.2 ملین ڈالر میں فروخت کردیاہے، حالانکہ اس کی قیمت 29.85ملین ڈالر تھی۔ سمندر کنارے موجود مذکورہ گھر7بیڈروم، 4باتھ روم اور ایک گیسٹ روم پر مشتمل ہے۔ اس گھر میں ایک گیلری اسٹائل کچن بھی ہے اوراس کا بیرونی حصہ سرخ اینٹوں سے تعمیر کیا گیا ہے۔ جولیا کے اس بیچ ہائوس کو فائی ہائوس کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں سے سمند کا نظارہ سحر انگیز محسوس ہوتاہے۔ یہ گھر جولیانے اس لیے فروخت کردیا کیونکہ یہ کسی کے استعمال میں نہ تھا۔

تازہ ترین